حیدرآباد/14 نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں آئندہ تین دن بیشتر اضلاع میں ہلکی اور اوسط بارش کا امکان ہے۔ حیدرآباد میں محکمہ موسمیات نے یہ پیش قیاسی کی ۔ محکمہ کے مطابق ہوا کے دباؤ میں کمی کے سبب تیز ہواؤں کا رُخ مشرقی علاقوں سے تلنگانہ کی سمت بڑھ رہا ہے۔ کل پیدا ہونے والے ہوا کے دباؤ میں کمی کے نتیجہ میں تقریباً 5.8 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ انڈمان و نکوبار کا علاقہ اس کی زد میں ہے۔ محکمہ نے بتایا کہ 15 نومبر تک اس کا اثر انڈمان میں برقرار رہے گا۔ دباؤ میں کمی کے اثر سے آئندہ تین دنوں میںتلنگانہ اور دیگر علاقوں میں ہلکی سے اوسط بارش ہو سکتی ہے۔توقع ہے کہ ہوا کے دباؤ میں کمی کے اثر سے اٹھنے والا طوفان 18 نومبر کو جنوبی آندھرا پردیش کے ساحل سے ٹکرائیگا۔ آندھرا پردیش،اوڈیشہ و ٹاملناڈو میں گذشتہ چند دنوں سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ر
