حیدرآباد 15 اپریل ( سیاست نیوز ) ماہ اپریل کی شدید گرمی سے راحت کی امید کے دوران محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ تلنگانہ میں آئندہ تین دن کے دوران مختلف مقامات پر ہلکی سے اوسط بارش ہوسکتی ہے ۔ محکمہ نے اطلاع دی ہے کہ ودربھا اور جنوبی اندرونی کرناٹک کے علاقوں میں ہوا کے دباؤ میں کمی پیدا ہوئی ہے اور موسمی تبدیلیاں رونمی ہو رہی ہیں۔ تیز رفتار ہواؤں کے ساتھ بھی گرج چمک کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات کی سائنسدان اے شراونی نے یہ بات بتائی ۔ حیدرآباد میں بھی آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا ۔ گرج چمک شام یا رات کے اوقات میں ہوسکتی ہے ۔ ہوائیں بھی چلنے کی امید ہے ۔ ریاست میں اعظم ترین درجہ حرارت 39 ڈگری اور اقل ترین 25 ڈگری سلسئیس کے آس پاس ہوسکتا ہے ۔ اس سے قبل محکمہ موسمیات نے 14 تا 18 اپریل یلو الرٹ جاری کیا تھا اور ہلکی سے اوسط بارش کی پیش قیاسی کی گئی تھی ۔ تاہم عادل آباد میں شدید گرمی کا سلسلہ جاری ہے اور درجہ حرارت 43 ڈگری سلسئیس تک پہونچ گیا ہے ۔