تلنگانہ میں آئندہ حکومت کانگریس کی ہوگی: محمد علی شبیر

   


گریجویٹ الیکشن میں کانگریس امیدواروں کی کامیابی یقینی، ٹی آر ایس اور بی جے پی قائدین کی کانگریس میں شمولیت

حیدرآباد۔ سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر نے کہا کہ تلنگانہ میں آئندہ حکومت کانگریس پارٹی کی ہوگی اور عوام کیلئے ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ محمد علی شبیر آج بی جے پی اور ٹی آرایس سے تعلق رکھنے والے بیشتر قائدین کی کانگریس میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ کاماریڈی ٰضلع کے مختلف مواضعات سے تعلق رکھنے والے ٹی آر ایس و بی جے پی قائدین نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی اور محمد علی شبیر نے ان کا استقبال کرتے ہوئے کانگریس کا کھنڈوا پہنایا۔ بی جے پی نائب صدر بھاسکر ریڈی، ٹی آر ایس کے نائب صدر ایم بھومیا یادو کے علاوہ یو بھاسکر ریڈی، سرینواس ریڈی، سائی کرن، رنجیت کمار، پوچارم جگدیش، اے وینکٹ نارائن، جے نرسمہا اور دوسروں نے کانگریس سے وابستگی اختیار کرلی۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ بی جے پی اور ٹی آر ایس نے گذشتہ چھ برسوں میں عوام کو مایوس کردیا ہے۔ دونوں حکومتوں نے عوام سے جو وعدے کئے تھے ان سے انحراف کرلیا گیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی خفیہ مفاہمت کے ذریعہ عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔ کانگریس کے استحکام سے خوفزدہ ہوکر دونوں پارٹیاں اختلافات کا ڈرامہ رچارہی ہیں۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ عوام نے ایم ایل سی انتخابات میں ٹی آر ایس اور بی جے پی کو سبق سکھانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ناگرجنا ساگر کے علاوہ مجالس مقامی کے انتخابات میں بھی کانگریس پارٹی کو شاندار کامیابی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سنہرے تلنگانہ کا عوام سے وعدہ کیا گیا تھا لیکن ٹی آر ایس کے اقتدار میں تلنگانہ مسائل سے پُر اور تاریک ریاست میں تبدیل ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام طبقات کے سی آر حکومت کی کارکردگی سے نالاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی حقیقی معنوں میں سیکولر اور عوامی خدمت کا ریکارڈ رکھتی ہے۔ انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ پارٹی کے استحکام کیلئے متحرک ہوجائیں۔