تلنگانہ میں شرح پیدائش میں کمی ہوگی، آندھراپردیش کی شرح پیدائش صفر تک محدود ہونے کا امکان
حیدرآباد۔5جولائی (سیاست نیوز) ملک کی سب سے کم عمر ریاست تلنگانہ میں آئندہ دو دہائیوں کے دوران ضعیفوں کی تعداد میں دگنا اضافہ ہوجائے گا۔ معاشی سروے میں کئے جانے والے اس انکشاف میں اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ ریاست تلنگانہ میں سال 2041 تک 60سال کی عمر کو متجاوز کرجانے والوں کی تعداد دوگنی ہو جائے گی اور 19 سال سے کم عمر نوجوانوں کی تعداد میں گراوٹ ریکارڈ کی جائے گی ۔ حکومت ہند کی جانب سے جاری کردہ معاشی سروے کی رپورٹ میں اس بات کی پیش قیاسی کی گئی ہے کہ مجموعی اعتبار سے آبادی کے تناسب میں اضافہ ہوگا لیکن آئندہ دو دہائیوں میں شرح پیدائش کم ریکارڈ کی جائے گی۔ریاست آندھرا پردیش کی آبادی کے متعلق کی جانے والی پیش قیاسی میں جو صورتحال کا تذکرہ کیا گیا ہے اس کے مطابق دو دہائیوں کے دوران آندھرا پردیش میں پیدائش کی شرح صفر کے قریب ہوجائے گی جبکہ ریاست تلنگانہ ‘ ہماچل پردیش ‘ کرناٹک ‘ مغربی بنگال ‘ پنجاب اور مہاراشٹرا میں شرح پیدائش 0.1سے 0.2 تک محدود ہوکر رہ جائے گی۔تلنگانہ میں بچوں کی شرح پیدائش میں ہونے والی کمی کے سلسلہ میں معاشی سروے رپورٹ میں فراہم کئے جانے والے اعداد وشمار کے مطابق سال 2011 میں 19 سال سے کم عمر کا فیصد 37.0 تھا اور 2021میں یہ فیصد گھٹ کر 30.0ہونے کا خدشہ ہے جبکہ 2031 میں اس میں مزید گراوٹ ریکاڈر کئے جانے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا جا رہاہے کہ یہ فیصد26.0 تک پہنچ جائے گا اور سال 2041 میں یہ فیصد مزید گھٹ کر 23.0 تک پہنچ جائے گا۔اسی طرح 20سے50 سال والوں کی آبادی جو کہ 2011میں 53.8 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی 2021میں یہ آباد ی 59.4 فیصد ریکارڈ کی جائے گی ۔اسی طرح 2031 میں آبادی 60.5 فیصد ہوجائے گی اور 2041میں اس آبادی کا تناسب 58.8 فیصد تک پہنچ جائے گا۔ 60سال سے زائد عمر کے حامل افراد کی آبادی جو کہ 2011 میں 9.2 ریکارڈ کی گئی تھی وہ 2021 میں 10.6 ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے جبکہ 2031 میں 60 سال سے زائد عمر کے حامل افراد کی آبادی کا تناسب 13.5ہوجائے گا اور 2041 میںیہ تناسب مزید بڑھ کر 18.2 ہونے کا امکان ہے۔2011میں ریاست تلنگانہ کی آبادی 3کروڑ 52لاکھ ریکارڈ کی گئی تھی اور 2016میں یہ آبادی 3کروڑ 67لاکھ تک پہنچ چکی ہے اور اب یہ کہا جا رہاہے کہ 2021 تک یہ آبادی 3کروڑ 80لاکھ سے تجاوز کرجائے گی اور 2031 میں تلنگانہ کی آبادی 4کروڑ ہونے کی توقع ہے جبکہ 2041میں تلنگانہ میں آبادی 4کروڑ 90 لاکھ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا جا رہاہے۔
