ریاست کی آئی ٹی پالیسی کا ماہرین نے خیرمقدم کیا
حیدرآباد۔/18 ستمبر، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں نئی آئی ٹی پالیسی آئندہ 5 سال میں 4 لاکھ ملازمتیں فراہم کرسکتی ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے کئے جارہے اقدامات اور نئی انفارمیشن ٹکنالوجی پالیسی روزگار کی فراہمی اور آئی ٹی پیداوار میں مددگار ثابت ہوگی۔ آئی ٹی شعبہ کے ماہرین نے نئی پالیسی کا خیرمقدم کیا ہے اور روزگار دوست پالیسی کے علاوہ ترقی پسند پالیسی قرار دیا ہے۔ آئی ٹی ماہرین کا ماننا ہے کہ اس پالیسی کے سبب ہر سال آئی ٹی پیداوار تین لاکھ کروڑ کے نشانہ کو پار کر جائے گی۔ ریاستی وزیر کے ٹی آر کی جانب سے سال 2021-26 کیلئے نئی آئی ٹی پالیسی کا اعلان کیا گیا ہے ۔ اس پالیسی سے شہر کی انفارمیشن ٹکنالوجی شعبہ میں موجودہ صلاحیت ترقی کی بلندیوں کو پار کرے گی۔ فی الحال گریٹر حیدرآباد حدود میں چھوٹے، بڑے کارپوریٹ اداروں کی تعداد 1500 پائی جاتی ہے جس کے ذریعہ تقریباً 6 لاکھ 25 ہزار افراد کو روزگار حاصل ہورہا ہے۔ گریٹر حیدراباد میں ہر سال آئی ٹی شعبہ میں ترقی ریکارڈ کی جارہی ہے جس کے سبب عالمی شہرت یافتہ مشہور و معروف کمپنیاں حیدرآباد میں دلچسپی دکھارہی ہیں۔ آئی ٹی ، بی پی او ، ہارڈ ویر، کے پی او جیسے ادارے حیدرآباد سے کاروبار چلانے کیلئے بے تاب ہیں۔ فی الحال دنیا کی بڑی کمپنیاں گوگل، ایپل، امیزان، فیس بک کے علاوہ مختلف بینکنگ و مالی اداروں کیلئے اب حیدرآباد ایک پلیٹ فارم بن گیا ہے۔ کورونا کے سبب پیدا شدہ مشکل حالات کے باوجود آئی ٹی شعبہ کا اثر کم نہیں ہوا۔ A