تلنگانہ میں آئندہ چار دنوں میں شدید بارش کی پیش قیاسی

   

حیدرآباد 5 اگسٹ ( سیاست نیو ز) محکمہ موسمیات نے آج پیش قیاسی کی ہے کہ تلنگانہ میں کچھ مقامات پر آئندہ چار دن کے دوران بھاری سے بہت شدید بارش ہوسکتی ہے ۔ اس کے علاوہ کئی مقامات پر ہلکی سے اوسط بارش یا گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی ہوسکتی ہے ۔ حیدرآباد میں مطلع عام طور پر ابر آلود رہے گا اور شام یا رات کے وقت بارش یا گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی ہوسکتی ہے ۔ درجہ حرارت اعظم ترین 29 ڈگری اور اقل ترین 23 ڈگری سلسئیس کے آس پاس ہوسکتا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ تلنگانہ میں مانسون کمزور ہوگیا ہے اور کچھ مقامات پر بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ تاہم شہر حیدرآباد میں مانسون کی بارش کا گیارہویں دن بھی سلسلہ جاری رہا ہے ۔ حالانکہ 3 اگسٹ کو 48 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی تھی تاہم گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کی شدت میں کمی آئی ہے ۔ اتوار کو حیدرآباد میں 24 گھنٹوں کے دوران تین ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی ۔