تلنگانہ میں آئندہ ہفتہ ہلکی تا تیز بارش کی پیش قیاسی

   

حیدرآباد۔14 ۔ مئی (سیاست نیوز) ریاست میں آئندہ ایک ہفتہ کے دوران ہلکی اور تیز بارش کے امکانات ظاہر کئے جا رہے ہیں جبکہ تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں بارش کے متعلق محکمہ موسمیات کی جانب سے کی جانے والی پیش قیاسی میں دعویٰ کیا جا رہاہے کہ 20 مئی تک تلنگانہ کے کئی اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور بعض مقامات پر طوفان اور آندھی کی صورتحال رہے گی جس کے نتیجہ میں مختصر وقفہ کے لئے ہی سہی موسلادھار بارش ریکارڈ کی جائے گی اور ختم ہوجائے گی۔پڑوسی ریاست مہاراشٹرا کے اضلاع میں جاری بارش اور بادلوںکے تلنگانہ کی سمت بڑھنے کا جائزہ لیتے ہوئے محکمہ موسمیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ریاست تلنگانہ کے بیشتر تمام اضلاع میں بارش ریکارڈ کی جائے گی اور آئندہ ایک ہفتہ کے دوران گرمی کی شدت میں کمی ریکارڈ کی جائے گی ۔ ماہرین موسمیات کے مطابق تلنگانہ میں درجہ حرارت میں ریکارڈ کی جانے والی گراوٹ کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ شروع ہوتا ہے تو ایسی صورت میں مانسون کی آمد میں بھی تاخیر کے امکانات ختم ہوجائیں گے اور قبل از وقت مانسون کی آمد ریکارڈ کی جائے گی۔عادل آباد ‘ آصف آباد‘ نرمل ‘ نظام آباد‘ جگتیال ‘ سرسلہ ‘ ورنگل ‘ محبوب آباد‘ ہنمکنڈہ ‘ نارائن پیٹ ‘ گدوال کے علاوہ دیگر اضلاع میں بھی بارش کے امکانات ہیں اور کہا جار ہاہے کہ اگر بارشوں کا سلسلہ شروع ہوتا ہے تو ایسی صورت میں یہ ایک ہفتہ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔خانگی ماہرین موسمیات کے مطابق مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں بھی 14 مئی کی شام سے رات اور آئندہ دو یوم کے دوران بھی بارش ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو یوم کے دوران ریاست کے کئی اضلاع میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے اور جون کے پہل ہفتہ میں ہی مانسون کی آمد کے امکانات ظاہر کئے جا رہے ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ ریاست میں امکانی بارشوں کے سبب کوئی انتباہ جاری نہیں کیا گیا ہے لیکن عوام سے اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ تیز ہواؤں کے پیش نظر احتیاط کریں۔3