تلنگانہ میں آئندہ 2دن بارش کی پیش قیاسی بیشتر ا ضلاع کیلئے ریڈ الرٹ جاری

   

حیدرآباد۔26۔اگسٹ(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے علاوہ تلنگانہ کے بیشتر تمام اضلاع میں آئندہ دو یوم کے لئے مسلسل بارشوں کی پیش قیاسی کی گئی ہے اور کہا جارہا ہے کہ خلیج بنگال کی ساحلی ریاستوں اوڈیشہ اور مغربی بنگال کی سرحدوں پر پائے جانے والے ہوا کے دباؤ میں کمی کے نتیجہ میں ریاست تلنگانہ میں دوبارہ مسلسل اور موسلادھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہوسکتا ہے۔ تلنگانہ کے بیشتر اضلاع کے لئے محکمہ موسمیات اور خانگی ماہرین موسمیات نے ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہوا کے دباؤ میں کمی کے سبب ہونے والی موسلادھار بارشوں کا سلسلہ اگر مسلسل جاری رہتا ہے تو ایسی صورت میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہونے کا خطرہ ہے جبکہ شہر حیدرآباد کے علاوہ رنگاریڈی ‘ میڑچل ۔ملکا جگری اضلاع کے متعلق جاری کی گئی پیش قیاسی میں کہاگیا ہے کہ دونوں شہروں کے علاوہ مضافاتی علاقوں میں مسلسل ہلکی اور تیز بارشوں کے علاوہ بوندا باندی کاسلسلہ جاری رہے گااور مطلع ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کی جانے والی پیش قیاسی میں کہاگیا ہے کہ اوڈیشہ کے ساحلی علاقوں میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے نتیجہ میں ہونے والی ان بارشوں کا اثر ریاست کے تمام اضلاع پر دیکھا جائے گا۔ محکمہ موسمیات اور خانگی ماہرین کی جانب سے کی جانے والی پیش قیاسی کے مطابق دونوں شہروں حیدرآبادوسکندرآباد کے بیشتر علاقوں میں 26اگسٹ کی صبح سے ہی وقفہ وقفہ سے ہلکی اور تیز بارشیں ریکارڈ کی جانے لگی ہیں اور مطلع ابرآلود رہنے کے سبب درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ ریکارڈ کی جانے لگی ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ خلیج بنگال میں اوڈیشہ کے ساحل پر طوفان کے امکانات کے سبب ہوا کے دباؤ میں کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے جس کے نتیجہ میں 26اگسٹ کی شب سے دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں بھی مسلسل ہلکی اور تیز بارشوں کے ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے۔3