تلنگانہ میں آئندہ 3 دن مزید بارش،جمعہ سے موسلادھار بارش ، آبی ذخائر کی سطح میں اضافہ

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد ۔ 27 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : محکمہ موسمیات کے سائنسدانوں کے مطابق ریاست بھر میں بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ آئندہ 3 دن کے دوران بھی مزید بارش کا امکان ہے ۔ ریاست کے کئی علاقوں میں عام زندگی مفلوج رہی خاص کر دیہی علاقوں میں مسلسل بارش ہورہی ہے ۔ آبی ذخائر میں پانی کی سطح میں اضافہ ہورہا ہے ۔ ضلع کھمم میں آبپاشی ذخائر اور تالابوں کی سطح دھیرے دھیرے بڑھ رہی ہے ۔ گوداوری ندی کے پانی کی سطح میں ہفتہ کی شام تک اضافہ ہوئی ہے ۔ دریائے کرشنا میں بھی پانی کا بہاؤ بڑھ گیا ہے ۔ کرناٹک میں نشیبی علاقوں میں مسلسل بارش کے باعث تلنگانہ میں پانی کا بہاؤ بڑھ گیا ہے ۔ آئندہ 3 دن تک بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ شمالی اوڈیشہ اور اس سے متصل جھارکھنڈ میں ہوا کے دباؤ میں کمی کی وجہ سے بارش کا امکان بڑھ گیا ہے ۔ اس علاقہ میں طوفان بھی سرگرم ہے ۔ ضلع جئے شنکر بھوپلا پلی میں 8 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ ضلع ورنگل رورل اور کاماریڈی میں بھی شدید بارش ہوئی ہے ۔ کسانوں کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔ کئی آبپاشی پراجکٹس کے علاقوں میں پانی کا بہاؤ بہتر بنایا گیا ہے ۔ گذشتہ چند دنوں سے تلنگانہ پر جنوب مغربی مانسون سرگرم ہے ۔۔