حیدرآباد 7 جولائی (سیاست نیوز) محکمہ موسمیات نے آئندہ 3یوم موسلادھار بارشوں کی پیش قیاسی کرکے تلنگانہ کے بیشتر اضلا ع کیلئے آرینج الرٹ جاری کیا ہے ۔ جن اضلاع کیلئے آرینج الرٹ جاری کیاگیا ان میں حیدرآبادو سکندرآباد کے علاوہ ضلع رنگاریڈی ‘ میڑچل ۔ ملکا جگری و نواحی و مضافاتی علاقہ جات شامل ہیں۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی میں کہاگیا کہ دونوں شہروں میں 40تا 50 کیلو میٹر فی گھنٹہ ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے ۔ گذشتہ دو یوم سے دونوں شہروں میں مطلع ابرآلود ہے لیکن بارش یا بونداباندی نہیں ہوئی جبکہ کئی اضلاع بالخصوص شمالی اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور جنوبی اضلاع میں ہلکی اور تیز بارش ہورہی ہے۔ماہرین موسمیات کے مطابق تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں آئندہ تین یوم گھن ‘ گرج اور چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہے گا اور آئندہ تین یوم میں موسمی تبدیلی کے نتیجہ میں درجہ حرارت میں گراؤٹ ریکارڈ کی جائے گی ۔محکمہ موسمیات نے جن 10 اضلاع کیلئے آرینج الرٹ جاری کیا ان میں عادل آباد‘ کمرم بھیم آصف آباد‘ منچریال‘ نرمل ‘ نظام آباد‘ جگتیال‘ راجنا سرسلہ ‘ کریم نگر ‘ پدا پلی ‘ جئے شنکر بھوپل پلی شامل ہیں جبکہ دیگر اضلاع کیلئے زرد الرٹ جاری کیاگیا ہے۔خانگی ماہرین موسمیات کے مطابق آئندہ تین یوم بارشوں کے سلسلہ میں محکمہ موسمیات نے جو پیش قیاسی کی اس کے مطابق اضلاع میں بارشیں ہونگی جبکہ شہر میں موسلادھار بارشوں کے امکانات موہوم ہیں ۔ کہاجا رہاہے کہ تیز ہواؤں کے نتیجہ میں بارش کے امکانات موہوم ہونے کا خدشہ ہے ۔3