تلنگانہ میں آئندہ 4 دنوں میں شدید بارش کی پیش قیاسی

   

حیدرآباد۔21 ۔جون(سیاست نیوز) محکمہ موسمیات نے رریاست تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 4یوم کے دوران موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کرتے ہوئے زرد انتباہ یعنی ایلو الرٹ جاری کیا ہے او رکہا جا رہاہے کہ آئندہ تین یوم کے دوران جنوبی اضلاع میں زبردست بارش کے امکانات ہیں۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ انتباہ میں کہا گیا ہے کہ ریاست کے بیشتر اضلاع بشمول شہر حیدرآباد میں بھی بارش ریکارڈ کی جائے گی ۔ غیر سرکاری ماہرین موسمیات کا کہناہے کہ شہر حیدرآباد کے راڈر میں تکنیکی خرابیوں کے سبب محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کی جانے والی پیش قیاسیاں درست ثابت نہیں ہورہی ہیں۔ ریاست تلنگانہ میں مانسون کی آمد کے بعد سے ہی مختلف اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے لیکن شہر حیدرآباد کے علاقوں میں مسلسل بارش نہ ہونے کے سبب گرمی کی شدت برقرار ہے۔محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے بتایا کہ 22تا26جون کے دوران ریاست کے بیشتر اضلاع میں موسلادھار اور مسلسل بارش ریکارڈ کئے جانے کے امکانات ہیں اسی لئے ریاستی حکومت کے متعلقہ محکمہ جات کو زردالرٹ سے متعلق تفصیلات روانہ کردی گئی ہیں۔
جس میں ان اضلاع اور منڈلوں کی تفصیلات کی بھی نشاندہی کردی گئی ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کئے جانے والے انتباہ کے بعد حکومت نے محکمہ مال اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کو بھی چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے تاکہ کسی بھی طرح کی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹنے کے اقدامات کئے جاسکیں۔