تلنگانہ میں آئندہ 4 یوم مزید بارش کا امکان

   

جی ایچ ایم سی حدود کیلئے دو یوم آرینج الرٹ جاری
حیدرآباد۔21جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں آئندہ 4یوم میں مزید بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور آئندہ 48 گھنٹوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی میں کہا گیا کہ تلنگانہ کے علاوہ پڑوسی ریاست آندھراپردیش ‘ اوڈیشہ کے علاوہ دیگر ریاستوں میں بھی آئندہ چند یوم بارشوں کا سلسلہ برقرار رہے گا۔خانگی ماہرین موسمیات کا کہناہے کہ تلنگانہ بالخصوص شہرحیدرآباد وسکندرآباد کے علاوہ ریاست کے شمالی اضلاع میں جاریہ ماہ کے اواخر تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا کیونکہ جاریہ ماہ کے اواخر تک ہوا کے دباؤ میں کمی کے کے سبب موسم میں کوئی نمایاں تبدیلی کے امکانات موہوم ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کے دباؤ میں ریکارڈ کی جانے والی کمی کے سبب ہونے والی مسلسل بارشوں کے ساتھ ہوائیں نہ چلنے کے سبب کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہورہا ہے اور ان بارشوں سے زیر زمین سطح آب میں اضافہ کے علاوہ زرعی سرگرمیوں کیلئے اسے بہتر قرار دیا جاتا ہے ۔محکمہ موسمیات کی جانب سے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں مزید دو یوم کیلئے آرینج الرٹ جاری کیا گیا اور کہا جا رہاہے کہ بلدی حدود میں وقفہ وقفہ سے ہلکی اور تیز بارش کے علاوہ موسلادھار بارش کا امکان ہے ۔ دونوں شہروں میں بارش کی پیش قیاسی کے بعد بلدی عملہ و انتظامیہ نے چوکسی اختیار کرتے ہوئے نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔م