محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی‘منگل کو جنوبی اضلاع میں ہلکی تا اوسط بارش سے عوام کو راحت
حیدرآباد۔20 ۔جون (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں آئندہ 48گھنٹوں کے دوران مانسون کی آمد کا امکان ہے، ہندوستان کے محکمہ موسمیات نے اگلے 48 گھنٹوں (21 جون) کے اندر اس کی آمد کی پیش قیاسی کی ہے۔ امکان ہے کہ مانسون کی ہوائیں جنوبی تلنگانہ میں داخل ہونے لگیں گی، محبوب نگر، گدوال، نلگنڈہ اور سوریا پیٹ کے کچھ حصوں میں 20 جون کو ہی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔مانسون کے بڑھنے اور 26 جون تک پوری ریاست کا احاطہ کرنے کا امکان ہے، جس سے گرمی سے پریشان عوام کو بہت راحت ملے گی۔ مانسون کی آمد اور بارش شروع ہونے میں پہلے ہی 12 دن کی تاخیر ہو چکی ہے کیونکہ مانسون عام طور پر ریاست میں 10 جون کو آتا ہے۔ 2022 میں، یہ ریاست میں 13 جون تک پہنچ چکا تھاجبکہ شہر میں پہلے ہی مطلع ابر آلود ہو رہا ہے۔ مہیش پلووت، نائب صدر، موسمیات نے کہا کہ توقع ہے کہ اگلے 48 گھنٹوں میں مانسون تلنگانہ میں داخل ہو جائے گا۔ اگرچہ یہ کہنا مشکل ہے کہ ریاست میں کب اس کا اثر ہوگا لیکن 24 تا 25 جون پوری ریاست اور ملک کے دیگر حصوں میں بھی اچھی بارش شروع ہونے کی امید کی جا سکتی ہے۔ اس وقت کرناٹک اور جنوبی آندھرا پردیش میں مانسون پہنچ چکا ہے۔ حیدرآباد میں20جون کی سہ پہر سے ہی مطلع ابر آلود ہوگیا اور ہوائیں بھی چلنے لگیں اور یہ سلسلہ 21 جون تک جاری رہے گا۔ سروانی اے، سائنسدان‘ سی آئی ایم ڈی نے کہا کہ توقع ہے کہ جنوبی تلنگانہ جیسے محبوب بنگر، نلگنڈہ اور سوریا پیٹ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔اطلاعات کے مطابق تلنگانہ کے جنوبی اضلاع میں منگل کو ہلکی تا اوسط بارش ریکارڈ کی گئی۔ 26 اور 27 جون تک ریاست بھر میں بڑے پیمانے پر بارش کی سرگرمی کی توقع ہے۔ آئی ایم ڈی اور اسکائی میٹ دونوں نے کہا ہے کہ ایل نینو کے شروع ہونے اور مانسون میں غیر معمولی تاخیر کے باوجود تلنگانہ میں اس سال معمول کی بارش ہوگی۔ مہیش پلاوت نے کہا کہ اس سال مانسون کے اچھے ہونے کی توقع ہے۔