بیشتر اضلاع کیلئے ریڈ الرٹ جاری، شہر میں مسلسل بارش سے عام زندگی متاثر
حیدرآباد۔25جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ کے کئی اضلاع میں مسلسل بارش کا سلسلہ جاری ہے اورحیدرآبادو سکندرآباد میں صبح سے مسلسل ہلکی اور تیز بارش ہو رہی ہے ۔ مسلسل بارش اور بوندا باندی سے عام زندگی مفلوج ہوگئی ۔کریم نگر ‘ ورنگل ‘سرسلہ ‘ وقارآباد‘ میدک‘ محبوب آباد کے علاوہ دیگر علاقوں میں مسلسل بارش کے سبب کئی ذخائر آب ‘ تالاب اور ڈیم لبریز ہوچکے ہیں اور کریم نگر میں ایک مکان پر بجلی گرنے کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجہ میں مکان منہدم ہوگیا۔ ورنگل میں گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران 1868 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ضلع جئے شنکر بھوپل پلی میں بارش کاپانی نشیبی علاقوں کے مکانات میں داخل ہونے لگا ہے۔ تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائیٹی کے مطابق 25جولائی کی صبح 8 بجے سے شام 7 بجے تک سوریہ پیٹ میں 74.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ حیدرآباد میں 6تا8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔دونوں شہروں میںآئندہ 48گھنٹوں کے دوران موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے جبکہ ورنگل میں ہونے والی بارش کی تباہی کا ریاستی وزیر ای دیاکر راؤ نے جائزہ لیا ۔عہدیداروں نے بارش کے سبب ہونے والی سڑکوں کی خرابی کے سلسلہ میں تیار کردہ رپورٹ میں اس بات کا انکشاف کیا کہ ریاست بھر میں 4235کیلو میٹر سڑکیں بارش کے سبب تباہ ہوچکی ہیں اور ان تباہ حال سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے لئے 1878 کروڑ روپئے درکار ہوں گے۔اس سلسلہ میںریاستی حکومت کو موسم باراں کے آغاز سے قبل ہی واقف کروایا جاچکا تھا لیکن ریاستی حکومت کی جانب سے ان تباہ حال سڑکوں کی مرمت کے اقدامات نہ کئے جانے کے نتیجہ میں یہ سڑکیں مکمل طور پر تباہ اور ناقابل استعمال ہوچکی ہیں ۔ سنگاریڈی ‘ نلگنڈہ ‘ حیدرآباد کے علاوہ کئی شاہراہوں پر سڑکوں کی تباہی کے نتیجہ میں راستوں کے مسدود ہونے کے خدشات ظاہرکئے جانے لگے ہیں ۔ ریاستی حکومت کے پاس سرمایہ نہ ہونے کے نتیجہ میں ان سڑکوں کی قبل از وقت مرمت نہیں کی گئی جو کہ اب راہگیروں کیلئے انتہائی تکلیف کا باعث بنی ہوئی ہیں۔م
