تلنگانہ میں آئی آئی ایم کے قیام کو مرکز سے جلد منظوری کی امید

   

حیدرآباد 25 نومبر ( سیاست نیوز) مرکزی حکومت توقع ہے کہ بہت جلد تلنگانہ میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ ( آئی آئی ایم ) کے قیام کو منظوری دے گی ۔ اس سلسلہ میں وزارت فروغ انسانی وسائل نے تجویز مرتب کی ہے اور اس کو مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل کی جانب سے منظوری حاصل ہونے کے ساتھ ہی ایک نوٹ کابینہ کی منظوری کیلئے روانہ کیا جائے گا ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ تلنگانہ سے آئی آئی ایم کا قیام عمل میں لانے متعدد یادداشتوں اور نمائندگیوں کے بعد وزیر اعظم کے دفتر نے وزارت فروغ انسانی وسائل کو ہفتہ میں آئی آئی ایم کے تلنگانہ میں قیام کیلئے اقدامات کی ہدایت دی تھی جس کو پیش نظر رکھتے ہوئے وزارت نے فوری اقدامات کرتے ہوئے ایک تجویز مرتب کی اور منظوری کیلئے مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل کو روانہ کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ وزیراعظم کے دفتر سے دی گئی ہدایت کی روشنی میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ کے ریاست تلنگانہ میں قیام عمل میں لانے کو منظوری دینے میں تیز رفتار اقدامات کئے گئے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ سال 2014 سے مرکز میں برسراقتدار این ڈی اے حکومت نے مہاراشٹرا ، پنجاب ، بہار ، ہماچل پردیش ، آندھراپردیش ، جموں و کشمیر وغیرہ میں سات نئے آئی آئی ایم کے قیام کی منظوری دی ہے جس کے بعد تلنگانہ میں آئی آئی ایم کے قیام کیلئے بارہا نمائندگی کی جا رہی تھی ۔