محکمہ صحت کی جانب سے تمام انتظامات مکمل،ریاست بھر میں زائد از 1200 مراکز کا قیام
حیدرآباد: تلنگانہ میں جمعرات اور جمعہ کو کورونا ویکسین کے ڈرائی رن دوسرے مرحلہ پر عمل کیا جائے گا۔ گذشتہ ہفتہ کو پہلے مرحلہ میں کورونا ویکسین کا ریہرسل کیا گیا تھا جب حیدرآباد اور محبوب نگر کے 7 مراکز پر عوام کو ویکسین دیا گیا تھا۔ دوسرے مرحلہ میں جمعرات اور جمعہ کو دو دن ویکسین کا ڈرائی رن کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ دوسرے مرحلہ میں ریاست میں تقریباً 1200 مراکز پر ڈرائی رن کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ محکمہ صحت کے سینئر عہدیداروں نے بتایا کہ ڈرائی رن کے اہتمام کا مقصد کسی کمی یا خامیوں کی نشاندہی کرنا ہے تاکہ ویکسین کے پروگرام کے وقت کوئی مسائل پیدا نہ ہوں۔ جمعرات اور جمعہ کو کورونا ویکسین ڈرائی رن کے موقع پر کیلئے ہاسپٹلس اور ہیلت سنٹرس کے علاوہ پرائمری ہیلت سنٹرس اور بعض خانگی ہاسپٹلس کی بھی نشاندہی کی گئی ہے جہاں اس کے مراکز قائم کئے جائیں گے۔گذشتہ ہفتہ منعقد کئے گئے ڈرائی رن میں بھی ویکسین کا استعمال نہیں کیا گیا تھا۔ محکمہ صحت و خاندانی بہبود کے مطابق 7 اور 8 جنوری کو ریاست بھر میں کورونا ویکسین کے ڈرائی رن کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ محکمہ صحت کے ڈائرکٹر سرینواس راؤ نے یہ بات بتائی۔ پہلے مرحلہ کے ڈرائی رن کے موقع پر گورنر ڈاکٹر تملی سوندرا راجن نے تلک نگر عنبرپیٹ کے ایک مرکز کا معائنہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا تھا اور اطمینان کا بھی اظہار کیا تھا۔ انہوں نے عوام سے ویکسین سے متعلق خوفزدہ نہ ہونے کی بھی اپیل کی تھی۔