کورونا کیسس میں اضافہ پر حکومت کا فیصلہ، اسمبلی میں وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی کا بیان
آن لائین کلاسس جاری رہیں گی، امتحانات سے متعلق اندرون دو یوم فیصلہ متوقع
حیدرآباد: تلنگانہ میں حکومت نے تعلیمی اداروں کو عارضی طور پر بند کردینے کا اعلان کیا ہے تاہم آن لائن کلاسس کا جو سلسلہ ہے وہ بدستور جاری رہے گا۔ ریاستی حکومت نے محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی سفارشات کو نظر میں رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے۔ ریاستی وزیر تعلیم مسز سبیتا اندرا ریڈی نے تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں ریاستی حکومت کی جانب سے کئے گئے فیصلہ سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے تعلیمی اداروں کو 24 مارچ سے عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاستی محکمہ صحت کی جانب سے حکومت کو تجاویز روانہ کرتے ہوئے فوری اثر کے ساتھ اسکولوں اور تعلیمی اداروں کو بند کرنے کی خواہش کی گئی تھی جس پر حکومت کی جانب سے اعلیٰ سطحی اجلاس میں ان تجاویز کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ ریاست تلنگانہ میں تمام تعلیمی ادارو ںکو بند کردیا جائے۔ ریاست میں حکومت نے یکم فروری سے نویں اور دسویں جماعت کے لئے باضابطہ کلاسس کا آغاز کیا تھا اور اس کے بعد چھٹویں تا آٹھویں جماعت کے طلبہ کے لئے بھی باضابطہ کلاسس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن اسکولی طلبہ میں مسلسل کورونا وائرس کی توثیق کے بعد آج حکومت کی جانب سے عارضی طور پر تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ حکومت کی جانب سے امتحانات کے علاوہ دیگر امور کے متعلق تاحال کو ئی احکامات جاری نہیں کئے گئے ہیں لیکن کہا جا رہاہے کہ آئندہ دو یوم کے دوران محکمہ تعلیم کی جانب سے صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے امتحانات کے سلسلہ میں ہدایات جاری کی جائیں گی۔ریاستی وزیر تعلیم مسز سبیتا اندرا ریڈی نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں تمام تعلیمی اداروں بشمول اسکول‘ کالجس کو بند کردیا جائے گالیکن میڈیکل کالجس کو کلاسس جاری رکھنے کی اجازت حاصل رہے گی۔ مسز سبیتا اندرا ریڈی نے ریاستی اسمبلی میں دیئے گئے اپنے بیان میں کہا کہ تمام سرکاری ‘ اقامتی ‘ امدادی اور خانگی تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا فیصلہ اولیائے طلبہ و سرپرستوں کی خواہش پر کیا گیا ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ پڑوسی ریاستوں مہاراشٹراکے علاوہ کرناٹک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے علاوہ ملک کی دیگر ریاستوں اترپردیش ‘ مہاراشٹرا‘ مدھیہ پردیش ‘ پنجاب ‘ تمل ناڈو‘چھتیس گڑھ اورگجرات میں کوروناوائرس کے بڑھتے ہوئے مریضوں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے تعلیمی ادارو ںکو بند کیا جاچکا ہے اور حکومت تلنگانہ کی جانب سے اب یہ عارضی فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہو ںنے امتحانات کے سلسلہ میں کسی بھی طرح کا کوئی اظہار خیال نہیں کیا لیکن کہا جا رہاہے کہ عہدیدارو ںکو اس بات کی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ امتحانات کے علاوہ دیگر امور کے متعلق منصوبہ بندی کرتے ہوئے حکومت کو اس سلسلہ میں رپورٹ پیش کریں۔ریاستی وزیر تعلیم نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کے مطابق تعلیمی ادارے بند رہیں گے ۔
تعلیمی اداروں کو بند کرنے سے متعلق سرکاری احکام جاری
حیدرآباد۔ تلنگانہ حکومت نے ریاست میں تمام تعلیمی اداروں کو بند کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے آج جی او ایم ایس 67 جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ تمام تعلیمی ادارے جن میں خانگی، سرکاری شامل ہیں سوائے میڈیکل کالجس کے بند رہیں گے۔ آئندہ احکامات تک تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جی او کے مطابق آن لائن اور ڈسٹینس لرننگ کلاسیس سابق کی طرح جاری رہیں گی۔یہاں یہ تذکرہ ضروری ہے کہ ریاست کے مختلف حصوں میں اسکولوں کی کشادگی کے بعد طلبہ اور اساتذہ کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ اساتذہ اور سرپرستوں میں تشویش اور کیسس میں اضافہ پر حکومت نے اسکولس کو بند کرنے کا فیصلہ کیا۔