حیدرآباد۔/30اکٹوبر، ( سیاست نیوز ) تلنگانہ کے تقریباً تمام اضلاع میں مختلف مقامات پر آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران طوفانی ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار یا اوسط بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے ڈائرکٹر نے مطلع کیا کہ تلنگانہ کے بعض مقامات پر ہلکی یا اوسط بارش بھی ہوسکتی ہے۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ اطراف کے علاقوں میں شام یا رات کے وقت بارش یا بوندا باندی کا امکان ہے۔ درجہ حرارت 31 اور 22 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہے گا۔ اس دوران تلنگانہ کے متعدد علاقوں میں آج بارش ریکارڈ کی گئی۔ عادل آباد میں سب سے زیادہ 5 سنٹی میٹر بارش ہوئی۔ نلگنڈہ، سوریا پیٹ، ناگرکرنول، کھمم، محبوب آباد، یادادری کتہ گوڑم، رنگاریڈی میں بھی بارش ہوئی۔