تلنگانہ میں آر ایس ایس کی 3400 شاکھائیں ایک سال میں 300 شاکھاؤں کا اضافہ

   

حیدرآباد ۔19 ۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ میں گزشتہ چند برسوں کے دوران آر ایس ایس اور دیگر سنگھ پریوار کی تنظیموں نے اپنی سرگرمیوں میں وسعت پیدا کردی ہے ۔ بی جے پی کی جانب سے جنوبی ہند کی ریاستوں تلنگانہ ، کرناٹک اور ٹاملناڈو پر توجہ دینے کے بعد سے تینوں ریاستوں میں آر ایس ایس کی شاکھاؤں میں اضافہ کیا گیا تاکہ ہندوتوا کی سرگرمیوں کو توسیع دی جاسکے۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ ایک سال میں تلنگانہ میں آر ایس ایس کی 300 شاکھاؤں کا اضافہ ہوا ہے اور ریاست میں آر ایس ایس کی جملہ شاکھائیں 3400 ہوچکی ہیں۔ تلنگانہ علاقہ کے آر ایس ایس کے انچارج اور تلنگانہ علاقہ کے سنگچالک سندر ریڈی نے بتایا کہ ہریانہ میں آر ایس ایس اکھل بھارت پرتینیدھی سبھا کا 13 تا 15 مارچ انعقاد عمل میں آیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران تلنگانہ میں آر ایس ایس کی شاکھاؤں میں اضافہ ہوا ہے اور یہ تعداد بڑھ کر 3400 ہوچکی ہیں۔ تلنگانہ ، آندھرا اور کرناٹک کے سنگھ پرچار پرمکھ آیوش کے مطابق تلنگانہ میں آر ایس ایس کی توسیعی سرگرمیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 25 مارچ سے اپریل کے دوسرے ہفتہ تک گاؤں کی سطح پر ہندو سمیلن منعقد کئے جائیں گے۔ آر ایس ایس کے قیام کے 100 سال کی تکمیل کے موقع پر دیہات کی سطح پر پروگراموں کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کی صدی تقاریب کا وجئے دشمی کے موقع پر انعقاد عمل میں آئے گا۔1