حیدرآباد۔ 25 فبروری ( سیاست نیوز ) تلنگانہ میں 5 سال عمر تک کے 35 لاکھ بچوں کو پولیو ڈراپس پلانے کیلئے نیشنل پلس پولیو پروگرام کا اتوار 27 فبروری سے آغاز ہونے والا ہے ۔ پلس پولیو کی مہم صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی اور تمام سرکاری نگہداشت صحت کے مراکز کے علاوہ آنگن واڑی مراکز ‘ سرکاری اسکولس ‘ عوامی لائبریریز ‘ بس ٹرمنلس ‘ ریلوے اسٹیشنوں ‘ سیاحتی مراکز و ائرپورٹس پر یہ سہولت دستیاب رہے گی ۔ محکمہ صحت کی جانب سے اس پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے میونسپل کارپوریشنس اور پنچایت راج کے عہدیداروں کے ساتھ مل کر کام کیا جا رہا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ریاست بھر میں جملہ 25 ہزار مراکز پولیو کی خوراک پلانے کیلئے قائم کئے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ 800 موبائیل ٹیمیں بھی بنائی جا رہی ہیں اور ہزاروں ہیلت ورکرس اس میں حصہ لیں گے ۔