تلنگانہ میں اراضیات کے ڈیجیٹل سروے کی تیاری مکمل

   

زرعی شعبہ کے لئے حکومت کی اسکیمات، مرکزی وزراء کے ساتھ ریاستی وزیر نرنجن ریڈی کی ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد۔8 ۔ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے اراضیات کے ڈیجیٹل سروے کی تیاری مکمل کرلی ہے۔ تکنیکی وجوہات کے سبب ڈیجیٹل سروے کا کام متاثر ہوا تھا ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے وزارت زراعت کے حکام کو ہدایت دی ہے کہ زرعی اراضیات کے ڈیجیٹل سروے کا کام جلد شروع کیا جائے ۔ مرکزی حکومت نے ڈیجیٹل زرعی پالیسی کا اعلان کیا ہے اور ریاست میں ڈیجیٹل سروے کے ذریعہ تلنگانہ حکومت اسکیم کا حصہ بن سکتی ہے ۔ وزیر زراعت ایس نرنجن ریڈی نے مرکزی وزیر نریندر سنگھ تومر اور مرکزی وزیر فوڈ سیکوریٹی پیوش گوئل کے علاوہ مملکتی وزیر زراعت کیلاش چودھری کے ساتھ ویڈیو کانفرنس میں حصہ لیا۔ مختلف ریاستوں کے چیف منسٹرس ویڈیو کانفرنس میں شریک ہوئے ۔ پردھان منتری کسان سمان ندھی ، کسان کریڈٹ کارڈ ، ڈیجیٹل اگریکلچرل پالیسی اور مرکز کی دیگر اسکیمات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر نرنجن ریڈی نے تلنگانہ میں زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے مرکز سے تعاون کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں 63.26 لاکھ ایکر زرعی اراضی موجود ہے ۔ 91.48 فیصد چھوٹے اور متوسط کسان تلنگانہ سے تعلق رکھتے ہیں اور ان میں سے 35.19 لاکھ کسان مرکزی حکومت کی کسان سمان ندھی اسکیم کے اہل ہیں۔ انہوں نے مرکز سے درخواست کی کہ اسکیم کے فوائد دیگر کسانوں تک پہنچانے کیلئے شرائط میں نرمی کی جائے۔ ریاستی وزیر نے تلنگانہ میں کسانوں کی بھلائی کیلئے شروع کردہ اسکیمات کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ریاست میں اراضیات کے ڈیجیٹل سروے کے آغاز میں سنجیدہ ہیں۔ R