حیدرآباد۔/19 جولائی، ( سیاست نیوز) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے تلنگانہ میں 34891 بوتھ سطح کے عہدیداروں کیلئے ٹریننگ پروگرامس کا انعقاد عمل میں لایا تاکہ انہیں فہرست رائے دہندگان کی تیاری کے طریقہ کار سے واقف کرایا جائے۔ چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج کے مطابق ٹریننگ پروگراموں کے تحت 70 ضلع سطح کے ماسٹر ٹرینرس اور 33 اضلاع کے عہدیداروں کو ٹریننگ دی گئی۔ روزانہ ایک رتبہ کے عہدیداروں کیلئے کلاسیس کا اہتمام کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی حلقہ جات کی سطح پر 518 عہدیداروں کی ٹریننگ عمل میں آئی۔ ان پروگراموں میں ضلع کلکٹرس، ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسرس، الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس اور اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس نے شرکت کی۔ منڈل اور میونسپلٹی کی سطح پر بوتھ سطح کے عہدیداروں کیلئے بھی ٹریننگ کا اہتمام کیا گیا۔ اسی دوران الیکشن کمیشن آف انڈیا نے اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس کے تقررات عمل میں لائے ہیں۔ تلنگانہ کے 119 اسمبلی حلقہ جات میں تحصیلدار اور نائب تحصیلدار، اسسٹنٹ میونسپل کمشنر، میونسپل کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور دیگر مساوی رینک عہدیداروں کو اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر مقرر کیا گیا۔ر