تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات شیڈیول کے مطابق ہوں گے

   

بیک وقت دو انتخابات کے افواہیں مسترد، مرکزی وزیر جی کشن ریڈی

حیدرآباد /8 ستمبر ( سیاست نیوز ) مرکزی وزیر و صدر تلنگانہ بی جے پی جی کشن ریڈی نے بیک وقت اسمبلی اور پارلیمنٹ انتخابات کی قیاس آرائیوں کو مسترد کیا اور کہا کہ ریاست میں شیڈول کے مطابق اسمبلی انتخابات منعقد ہوں گے اور بی جے پی کی ڈبل انجن حکومت تلنگانہ میں قائم ہوگی ۔ انہوں نے بی جے پی کارکنوں کو انتخابی تیاریاں شروع کردینے کا مشورہ دیا اور کہا کہ 17 ستمبر کو سکندرآباد پریڈ گراؤنڈ پر مرکزی حکومت سقوط حیدرآباد کی سرکاری تقریب منعقد کرے گی ۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ مہمان خصوصی ہونگے اور سنٹرل فورسیس سے سلامی قبول کریں گے ۔ آج بی جے پی ہیڈ کوارٹر پر پارٹی قائدین کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس سے خطاب میں جی کشن ریڈی نے کہا کہ ریاست میں شیڈول کے مطابق اسمبلی انتخابات منعقد ہوں گے ۔ اور پارٹی کے قائدین و کارکن عوام میں پہونچ کر حکومت کی ناکامیوں اور کانگریس کی دھوکہ دہی سے واقف کروائیں گے ۔ انہوں نے اسمبلی اور پارلیمنٹ کے انتخابات بیک وقت ہونے کی افواہوں پر بھروسہ نہ کرنے کا بی جے پی کارکنوں کو مشورہ دیا اور کہا کہ تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات شیڈول کے مطابق ہوں گے ۔ کشن ریڈی نے کہا کہ مرکزی حکومت گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی 17 ستمبر کو سقوط حیدرآباد کی تقریب سرکاری طور پر منائی گئی جس میں امیت شاہ مہمان خصوصی ہونگے ۔ ساتھ ہی تلنگانہ میں بی جے پی کو مستحکم کرنے بی آر ایس حکومت کی ناکامیوں کو آشکار کرنے تین علحدہ بس یاترائیں منظم کریں گے اور تینوں یاتراؤں کا حیدرآباد میں اختتام ہوگا اور اس موقع پر ایک جلسہ عام منعقد کیا جائے گا جس میں وزیر اعظم نریندر مودی کو مدعو کیا جائے گا ۔ کشن ریڈی نے کہا کہ ریاست میں بی جے پی اور بی آر ایس میں کوئی مفاہمت نہیں ہے اور ہوگی بھی نہیں ۔ بی جے پی قائدین اور کارکن افواہوں پر تیقن نہ کریں ۔ ریاست میں حکومت تشکیل دینے ایڑی چوٹی کا زور لگاکر کام کریں اور تلنگانہ میں بی جے پی کی حکومت تشکیل دینے جدوجہد کریں ۔ ن