تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات کیلئے انتخابی عہدیداروں کے تقررات کو قطعیت

   

الیکشن کمیشن آف انڈیا سے ریٹرننگ آفیسرس اور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرس کے ناموں کا اعلان
حیدرآباد۔13جولائی (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ریاست تلنگانہ میں تمام حلقہ جات اسمبلی کے لئے ریٹرننگ آفیسرس کے علاوہ اسسٹ ریٹرننگ آفیسرس کے تقرر کو قطعیت دیتے ہوئے ریاست میں اسمبلی انتخابات کے لئے سرگرمیوں کو تیز کردیا ہے ۔الیکشن کمیشن آف انڈیا کے عہدیداروں کے ریاست میں دوروں کے علاوہ مختلف اضلاع میں صورتحال کا جائزہ لینے اور فہرست رائے دہندگان میں موجود خامیوں کو دور کرنے کی مہم کے دوران الیکشن کمیشن نے یہ اہم احکام جاری کئے ہیں۔چیف الکٹورل آفیسر تلنگانہ مسٹر وکاس راج نے ریاست کے 119 حلقہ جات اسمبلی کے لئے ریٹرننگ آفیسرس اور اے آر اوز کی فہرست جاری کردی ہے۔سی ای او تلنگانہ کی جانب سے الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے طلب کردہ فہرست روانہ کئے جانے کے بعد ریٹرننگ آفیسرس کو قطعیت دیتے ہوئے پرنسپل سیکریٹری الیکشن کمیشن آف انڈیا مسٹر اویناش کمار نے ریٹرننگ آفیسرس کو قطعیت دینے کے بعد احکام جاری کردیئے ہیں۔ چیف الکٹورل آفیسر تلنگانہ کی جانب سے جاری کئے گئے میمو میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے موصولہ ہدایات کے مطابق تلنگانہ کے تمام حلقہ جات اسمبلی کے لئے ریٹرننگ آفیسر س کے تقرر کے سلسلہ میں احکامات جاری کئے جا رہے ہیں اوریہ احکام گزٹ میں شائع کردئیے جائیں گے۔سی ای او تلنگانہ کی جانب سے جاری کئے گئے احکامات کے مطابق بیشتر حلقہ جات اسمبلی پر ریٹرننگ آفیسر کی حیثیت سے ریوینیو ڈویژنل آفیسرس کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ اسپیشل ڈپٹی کلکٹر اور زونل کمشنران بلدیہ کو ریٹرننگ آفیسر کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔ ریاست کے بعض اضلاع کے حلقہ جات اسمبلی میں چیف الکٹورل آفیسر نے ایڈیشنل کلکٹرس کو بھی ریٹرننگ آفیسرس کی ذمہ داری دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریٹرننگ آفیسرس کے علاوہ تمام حلقہ جات اسمبلی میں ڈویژن واری اساس پر اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرس کے تقرر کو بھی منظوری دے دی گئی ہے اور اے آر اوز میں زیادہ ترتحصیلداروں کو یہ ذمہ داری تفویض کی گئی ہے جبکہ جی ایچ ایم سی حدود میں موجود حلقہ جات اسمبلی میں بلدی عہدیداروں کی خدمات بھی حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔م