کانگریس کے حق میں خاموش لہر ،17 ستمبر کا جلسہ عام تاریخی رہے گا
حیدرآباد ۔14۔ ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد میں 16 ستمبر کو کانگریس ورکنگ کمیٹی کا اجلاس اور 17 ستمبر کو جلسہ عام تاریخی نوعیت کے پروگرام ہوں گے۔ مانک راؤ ٹھاکرے ، مدھو یاشکی گوڑ اور دیگر قائدین کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ 130 سالہ تاریخ کی حامل کانگریس پا رٹی کی ورکنگ کمیٹی کا اجلاس پہلی مرتبہ حیدر آباد میں منعقد ہورہا ہے۔ یہ اجلاس ایسے وقت منعقد ہورہا ہے جبکہ حیدرآباد اسٹیٹ کے انڈین یونین میں انضمام کے 75 سال مکمل ہورہے ہیں۔ وجئے بھیری جلسہ عام ملک میں اپنی نوعیت کی بڑی سیاسی ریالی ثابت ہوگی جس میں کانگریس کے تمام قومی قائدین شرکت کریں گے۔ سونیا گاندھی ، راہول گاندھی ، پرینکا گاندھی اور صدر کانگریس ملکارجن کھرگے شرکت کریں گے۔ وجئے بھیری میں سونیا گاندھی تلنگانہ عوام کیلئے کانگریس کی جانب سے 5 اہم وعدوں کا اعلان کریں گی جن پر برسر اقتدار آنے کے بعد عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے علحدہ ریاست کا قیام عمل میں لایا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی میں ملک بھر میں کسانوں کے لئے کراپ لون کا آغاز کیا۔ اور قومی دیہی ضمانت روزگار اسکیم کے ذریعہ دیہی مسزدوروں کو رزگار فراہم کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ یو پی اے دور حکومت اور پھر کانگریس زیر ا قتدار ریاستوں میں کئی فلاحی اسکیمات پر عمل کیا جاتا ہے۔ کرناٹک حکومت نے اقتدار کے 100 دن میں اہم وعدوں کی تکمیل کی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کے حق میں خاموش لہر ہے اور اسمبلی انتخابات میں 70 سے زائد نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگی۔انہوں نے کہا اکہ اقتدار کو بچانے کیلئے بی آر ایس نے بی جے پی کے ساتھ خفیہ مفاہمت کرلی ہے۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ میں تمام طبقات بالخصوص اقلیتیں کانگریس کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ جلسہ عام میں کثیر تعداد میں شرکت کریں۔