اتم کمار ریڈی کی پیش قیاسی،کسانوں کے وعدوں کی تکمیل میں حکومت ناکام
حیدرآباد۔21۔ جنوری (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے تلنگانہ میں وسط مدتی انتخابات کی پیش قیاسی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے خلاف عوام کی بڑھتی ناراضگی کے پیش نظر کے سی آر مقررہ وقت تک الیکشن کا انتظار نہیں کریں گے ۔ اتم کمار ریڈی نے اپنے انتخابی حلقہ میں پارٹی کی رکنیت سازی مہم میں حصہ لیا اور مقامی قائدین کو بوتھ سطح پر رکنیت سازی پر توجہ دینے کی ہدایت دی۔ ٹی آر ایس حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ گزشتہ 7 برسوں میں کے سی آر انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکے ہیں۔ 2017 ء میں کے سی آر نے کسانوں کو فرٹیلائیزر کی مفت سربراہی کا وعدہ کیا تھا لیکن آج مرکز سے فرٹیلائیزر کے مسئلہ پر نمائندگی کر رہے ہیں۔ ٹی آر ایس حکومت کی پالیسیوں سے پریشان حال کسانوں کیلئے فرٹیلائیزر کی قیمتوں میں اضافہ ناقابل برداشت بوجھ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوںکے قرضہ جات معاف کرنے میں ناکام حکومت رعیتو بندھو کے نام پر جشن کا اہتمام کرچکی ہے۔ کسانوں کو ایک لاکھ تک کا قرض معاف کرنے کا وعدہ آج تک پورا نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں زرعی شعبہ کی بھلائی کیلئے کئی اقدامات کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات مقررہ وقت سے قبل ہوںگے اور کانگریس پارٹی برسر اقتدار آئے گی۔ انہوں نے کوداڑ اسمبلی حلقہ میں کانگریس کی شاندار کامیابی کی پیش قیاسی کی۔ ر