شوٹنگ کے مقابلوں میں بہتر مظاہرہ کرنے والی ایشا سنگھ کو تہنیت، حیدرآباد میں شوٹنگ رینج کیلئے اراضی الاٹ
حیدرآباد۔/13 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کی حکومت کی جانب سے بہتر حوصلہ افزائی کے نتیجہ میں تلنگانہ کے کھلاڑیوں نے قومی اور بین الاقوامی سطح کے مقابلوں میں بہتر مظاہرہ کیا ہے۔ وزیر سیاحت و اسپورٹس وی سرینواس گوڑ نے آج حیدرآباد میں نامور شوٹنگ کھلاڑی کماری ایشا سنگھ کو تہنیت پیش کی۔ حال ہی میں انٹر نیشنل شوٹنگ اسپورٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام منعقدہ جونیر ورلڈ چمپین شپ میں 10 میٹر ایر پستول اور 50 میٹر فری پستول کے انفرادی مقابلوں میں انہیں برانز میڈل حاصل ہوا ہے۔ اس موقع پر سرینواس گوڑ نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایت پر ریاست میں اسپورٹس کی ترقی پر خصوصی توجہ مبذول کی گئی ہے۔ گزشتہ سات برسوں میں نہ صرف کھلاڑیوں بلکہ کوچ کی حوصلہ افزائی کی گئی جس کے نتیجہ میں بہتر نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں نے قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں ریاست اور ملک کا نام روشن کیا ہے۔ ایشا سنگھ نے شوٹنگ کے زمرہ میں نام کمایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں شوٹنگ کی تربیت کیلئے خصوصی مرکز کے قیام کی تجویز ہے۔ اسپورٹس اتھارٹی کے ذریعہ شوٹنگ رینج کے قیام کیلئے اولمپین گگن نارنگ کو گچی باؤلی میں اکیڈیمی کے قیام کیلئے اراضی الاٹ کی گئی ہے۔ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والی ایشا سنگھ کو حکومت کی جانب سے ہر ممکن حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ انہوں نے سابق میں قطر میں منعقدہ مقابلوں میں 3 گولڈ میڈل حاصل کئے تھے۔ 2019 میں تائیوان میں منعقدہ مقابلوں میں نمایاں کامیابی حاصل کی تھی۔ 2019 میں جرمنی میں منعقدہ مقابلوں میں ان کا متاثرکن مظاہرہ رہا۔ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد کھلاڑیوں کیلئے سرکاری ملازمتوں میں 2 فیصد تحفظات فراہم کئے گئے ہیں جبکہ اعلیٰ تعلیم کے شعبہ میں 0.5 فیصد تحفظات فراہم کئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر نے اسپورٹس کے فروغ کیلئے کابینی سب کمیٹی تشکیل دی ہے۔ ہر اسمبلی حلقہ میں اسپورٹس اسٹیڈیم کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ بین الاقوامی سطح پر بہتر مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو نقد انعام کے ذریعہ حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ ایشا سنگھ کی تہنیت کے موقع پر اسپورٹس اتھارٹی کے صدرنشین اے وینکٹیشور ریڈی، ایشا سنگھ کے والد سچن، اسپورٹس اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائرکٹر سجاتا اور شوٹنگ اسوسی ایشن کے سکریٹری روی کمار اور دوسرے موجود تھے۔ر