تلنگانہ میں اضافی بارش ‘ جولائی و اگسٹ میں مزید بارش کا امکان

   

جنوب مغربی مانسون کی ایک ہفتہ قبل آمد ۔ وقار آباد میں معمول سے کم بارش ریکارڈ ہوئی
حیدرآباد۔ جنوب مغربی مانسون کی ریاست میں ایک ہفتے قبل 5 جون کے آمد کے نتیجہ میںریاست میں اب تک اضافی بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ عہدیداروں کو کو امید ہے کہ ماہ جولائی اور اگسٹ میں مانسون میں تیزی کے ساتھ مزید بارش ہوسکتی ہے ۔ یکم جون سے 5 جولائی تک ریاست میں جملہ 233.1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ معمول کی بارش 159.7 ملی میٹر ہوتی ہے ۔ وقار آباد ضلع میں معمول سے کم بارش ہوئی ہے ۔ یہ کمی 21 فیصد کی ہے ۔ ریاست کے بیشتر اضلاع میں معمول سے زیادہ بارش ہوئی ہے ۔ گذشتہ سال یکم جون سے 5 جولائی تک 225.7 ملی میٹر بارش ہوئی تھی تاہم اس بار اس مدت کے دوران 233.1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ اسی طرح جی ایچ ایم سی حدود میں معمول کی بارش 123.1 ملی میٹر ہوتی ہے جبکہ جاریہ سال 143.6 ملی میٹر بارش ہوچکی ہے ۔ تلنگانہ اسٹیٹ َڈیولپمنٹ سوسائیٹی کے بموجب جون تا ستمبر جنوب مغربی مانسون ہوتا ہے ۔ معمول کی سالانہ بارش 905.3 ملی میٹر ہوتی ہے ۔ جاریہ سال جنوب مغربی مانسون کی تلنگانہ میں 5 جون کو آمد ہوئی ہے جو شیڈول سے ایک ہفتہ قبل رہی ۔ عموما ریاست میں مانسون کی آمد 12 جون تک ہوتی ہے ۔ سال رواں 10 جون تک سارے تلنگانہ میں جنوب مغربی مانسون پھیل گیا تھا اور اس کے بعد سے ریاست کے بیشتر حصوں میں بارش ہو رہی ہے ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جولائی اور اگسٹ میں مانسون عروج پر ہوسکتا ہے اور بارش زیادہ ہوسکتی ہے ۔ ریاست میں جاریہ سال 751.9 ملی میٹر بارش کی امید کی جا رہی ہے ۔ ریاست کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں معمول سے زیادہ بارش کی پیش قیاسی کی جارہی ہے ۔ریاست کے دیگر اضلاع میں بھی اچھی اور معمول کے مطابق بارش کی امید ہے ۔