بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے کا ذہنی توازن بگڑچکا ہے : ٹی آر ایس کا الزام
حیدرآباد ۔ ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی جی بالراج نے کہا کہ بی جے پی 2023 تو کیا 2048 ء میں بھی تلنگانہ میں اقتدار حاصل نہیں کرپائے گی ۔ بہت جلد اقتدار کا خواب چکناچور ہوجائے گا ۔ آج تلنگانہ بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بالراج نے کہا کہ گزشتہ 6 سال کے دوران بی جے پی نے تلنگانہ کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کوئی کام نہیں کیا ۔ تقسیم آندھراپردیش کے وعدوں کو 6 سال کی تکمیل کے باوجود پورا نہیں کیا گیا ۔ ریاست کے کئی پراجکٹس فنڈز کی عدم اجرائی کی وجہ سے زیرالتواء ہیں ۔ جی ایس ٹی کے بقایا جات کی اجرائی میں مرکزی حکومت ٹامل مٹول سے کام کررہی ہے ۔ تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے کا ذہنی توازن بگڑچکا ہے ۔ چیف منسٹر کے خلاف جس لب و لہجہ کا استعمال کیا جارہا ہے وہ قابل مذمت ہے ۔ ریاست کے عوام کو مذہب ذات پات کے نام پر تقسیم کرتے ہوئے بی جے پی سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہی فرقہ پرستی کو فروغ دیاجارہا ہے ۔ مذہبی جذبات کو بھڑکایا جارہاہے ۔ ریاست کے امن و امان کو تباہ و تاراج کرنے کی منظم سازش رچی جارہی ہے ۔ چیف منسٹر ریاست میں سماج کے تمام مذاہب و طبقات کی ترقی اور بہبود کیلئے کام کررہے ہیں ۔ ٹی آر ایس کے دورحکومت میں گنگاجمنی تہذیب کو فروغ حاصل ہورہا ہے ۔ وزیراعظم مودی اپنے وعدوں کوپورا کرنے میں ناکام ہوگئے ۔ سال میں 2 کروڑ ملازمتیں فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا مگر آج تک کسی شہری کے بنک کھاتہ میں 15 لاکھ روپئے جمع نہیں ہوئے جس سے عوام بی جے پی سے سخت ناراض ہیں ۔
