تلنگانہ میں اقتدار کا بی جے پی کا خواب ٹی آر ایس چکنا چور کرے گی

   

مرکزپر سرکاری اثاثہ جات کی فروخت کا الزام ، عوام ملازمتوں سے بیدخل ۔ ہریش راؤ کا الزام
حیدرآباد۔/16 ستمبر، ( سیاست نیوز) وزیر فینانس ہریش راؤ نے کہا کہ ریاست میں بی جے پی کو اقتدار کے کوئی امکانات نہیں ہیں۔ ٹی آر ایس‘ بی جے پی کے اس خواب کو شرمندہ تعبیر ہونے نہیں دے گی۔ حضورآباد میں ٹی آر ایس کی انتخابی مہم میںہریش راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس عوام کی فلاح و بہبود اور ریاست کو ترقی کے ایجنڈہ پر کام کررہی ہے اور حکومت کی کارکردگی سے تمام طبقات مطمئن ہیں۔ بی جے پی ملک کی جائیدادوں و اثاثہ جات کو فروخت کرنے، لوگوں کو ملازمتوں سے بیدخل کرنے اور پٹرول و ڈیزل، پکوان گیس، کی قیمتوں میں اضافہ کے ایجنڈہ پر کام کررہی ہے۔ مرکزی حکومت کی ان پالیسیوں سے عوام بدظن ہیں اور بی جے پی کو سبق سکھانے کا انتظار کررہے ہیں۔ کل تک تلنگانہ وزارت میں شامل ایٹالہ راجندر نے کلیانہ لکشمی اور شادی مبارک اسکیمات کو بے فیض قرار دیا تھا، کیا حضورآباد کے عوام ایسے شخص کو ووٹ دینا پسند کریں گے، ہریش راؤ نے استفسار کیا۔ وزیر فینانس نے کہا کہ حضورآباد میں کانگریس کا کوئی وجود نہیں ہے برائے نام مقابلہ پر کانگریس کو ضمانت بچانا مشکل ہے۔ اصل مقابلہ ٹی آر ایس اور بی جے پی میںہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجی انصاف کی بات کرنے کا بی جے پی کو اخلاقی حق نہیں ہے۔ بی سی طبقات کو فیصلہ ساز اداروں میں تحفظات کے مطالبہ کو مرکزنے نظرانداز کردیا ۔N