تلنگانہ میں اقلیتوں کی ترقی کیلئے مثالی اقدامات

   

Ferty9 Clinic

ممبئی میں مہاراشٹرا کے وزیر اقلیتی امور سے محمد قمرالدین کی ملاقات

حیدرآباد ۔ 23 ۔ اگست (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ اقلیتی کمیشن محمد قمرالدین نے مہاراشٹرا اقلیتی کمیشن کی دعوت پر ممبئی کا دورہ کیا اور مہاراشٹرا کمیشن کے صدرنشین حاجی عرفات شیخ اور وزیر اقلیتی امور مہاراشٹرا سالوے راجیہ منتری سے ملاقات کی۔ مہاراشٹرا کے قائدین نے تلنگانہ اقلیتی کمیشن کی کارکردگی کے بارے میں معلومات حاصل کی اور ایک سال میں 730 درخواستوں میں 600 درخواستوں کی یکسوئی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ اقلیتی کمیشن ملک بھر میں مثالی خدمات انجام دے رہا ہے ۔ محمد قمرالدین نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھرراؤ کی متحرک قیادت میں اقلیتوں کے لئے 206 اقامتی اسکولس قائم کئے گئے جس میں معیاری تعلیم کا انتظام کیا گیا ہے ۔ شادی مبارک اسکیم کے تحت غریب لڑکیوں کی شادی کے لئے ایک لاکھ 106 روپئے کی امداد دی جارہی ہے ۔ اوورسیز اسکالرشپ اسکیم کے تحت اقلیتی طلبہ کو بیرون ملک اعلیٰ تعلیم کے لئے 20 لاکھ کی امداد دی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اور روز گار میں اقلیتوں کو چار فیصد تحفظات فراہم کئے گئے ۔ انیس الغرباء کا ہمہ منزلہ کامپلکس 20 کروڑ روپئے کے صرفہ سے تعمیر کیا جارہا ہے ۔ ہائی ٹیک سٹی کے علاقہ میں اسلامک سنٹر کی تعمیر کیلئے اراضی الاٹ کی گئی۔ محمد قمرالدین نے بتایا کہ تلنگانہ ملک کی وہ واحد ریاست ہے جہاں زرعی شعبہ کو 24 گھنٹے مفت برقی سربراہ کی جارہی ہے ۔ انہوں نے مہاراشٹرا کے قائدین کو دورہ تلنگانہ کی دعوت دی اور کہا کہ اقلیتی بہبود کے لئے تلنگانہ کی اسکیمات کو مہاراشٹرا میں روبہ عمل لایا جاسکتا ہے ۔