شمالی ہند میں زہر پھیلانے والی پارٹی تلنگانہ میں مسلمانوں پر حملے کرارہی ہے، کونسل میں خطاب
حیدرآباد۔ 17 مارچ (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل عامر علی خان نے تلنگانہ حکومت پر زور دیا کہ وہ اقلیتوں پر بڑھتے ہوئے حملوں کو روکنے کیلئے خصوصی قانون سازی کرے۔ تلنگانہ قانون ساز کونسل میں آج اس مسئلہ کو خاص طور پر موضوع بناتے ہوئے عامر علی خان نے ریاست میں اقلیتوں کے خلاف بڑھتے ہوئے تشدد کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے فوری کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ کانگریس لیڈر عامر علی خان نے کہا جہاں تلنگانہ میں کانگریس حکومت اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے سنجیدگی سے کام کررہی ہے، وہیں حالیہ دِنوں میں اقلیتوں پر ہونے والے حملوں سے اقلیتوں میں خوف اور عدم تحفظ کا احساس پیدا ہوا ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ چھوٹے موٹے واقعات بھی اقلیتوں کے خلاف ٹارگٹ حملوں کی شکل اختیار کررہے ہیں جس سے اُن کی حفاظت اور وقار کے بارے میں اندیشے بڑھ رہے ہیں۔ کانگریس رکن ساز کونسل نے الزام عائد کیا کہ شمالی ہند میں مسلمانوں کے خلاف ایک پارٹی کی طرف سے زہر پھیلایا جارہا ہے، اور اس زہر کی وجہ سے تلنگانہ میں بھی مسلمانوں پر حملے کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے اس کی روک تھام کیلئے سخت ترین کارروائی کرنے کا مطالبہ بھی کیا ۔ عامر علی خان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایس سی، ایس ٹی پر ہونے والے مظالم کے تدارک کیلئے جو قانون بنایا گیا ہے، اس طرز کا قانون اقلیتوں کی حفاظت کیلئے بھی بنایا جائے۔ تلنگانہ میں سماجی ہم آہنگی کو بگاڑنے کی منظم کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس طرح کی کوششوں کو بروقت روکا نہیں گیا تو تلنگانہ میں فرقہ وارانہ کشیدگی میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ اس کو روکنے کیلئے انہوں نے اقلیتوں پر مظالم Minorities Atrocities (Prevention) Act بنانے کی تجویز پیش کی جو اس طرح کے حملوں کو روکنے اور متاثرین کیلئے فوری انصاف دلانے کیلئے سخت قانونی دفعات فراہم کرے گا۔ کانگریس ایم ایل سی عامر علی خان نے کہا کہ پسماندہ طبقات (بی سی) ریزویشن بل کا بھی حوالہ دیا ۔2