ریاست میں آج سے نئی ای وی پالیسی متعارف‘ماحولیاتی استحکام حکومت کا اہم مقصد
حیدرآباد۔17۔نومبر(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے ریاست میں الکٹرک وہیکل کے فروغ کے لئے تیار کی گئی پالیسی میں معمولی ترمیم کے ذریعہ الیکٹرک گاڑیوں کی خریدی پر رجسٹریشن‘ روڈ ٹیکس کو مکمل طور پر معاف کرنے کا اعلان کیا ہے۔محکمہ ٹرانسپورٹ کے جی او ایم ایس نمبر 41 میں کی گئی صراحت کے مطابق الکٹرک وہیکل کو رجسٹریشن اور روڈ ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا گیاہے اور اس پالیسی کا اطلاق ریاست میں خریدی جانے والی گاڑیوں پر ہوگا اور 2026 ڈسمبر تک جو الکٹرک گاڑیاں تلنگانہ میں خریدی جائیں گی ان کے لئے یہ اسکیم کارکرد رہے گی۔ الکٹرانک گاڑیوں کی خرید ی پر رعایت سے بڑی تعدا دمیں لوگ استفادہ حاصل کرسکتے ہیں۔سرکاری احکامات کے مطابق حکومت نے ٹووہیلرس‘ کار اور ٹی ایس آر ٹی سی کی بسوں کو جو الکٹرانک ہوں گی انہیں روڈ ٹیکس ‘ رجسٹریشن فیس سے 100 فیصد مستـثنیٰ قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ملک میں ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے اورایندھن پر انحصار میں کمی کے لئے اختیار کردہ پالیسی کے پیش نظر حکومت نے سابق میں بھی اس طرح کے اقدامات کئے تھے لیکن اس مرتبہ 100 فیصد رجسٹریشن فیس اور روڈ ٹیکس سے الکٹرانک گاڑیوں کو مستـثنیٰ قرار دیئے جانے کے فیصلہ کے بعد کہا جار ہاہے کہ ریاست میں ان گاڑیوں کی فروخت میں زبردست اضافہ ہوگا اور تلنگانہ الکٹرانک گاڑیوں کے بڑے مارکٹ میں تبدیل ہونے کا امکان ہے کیونکہ حکومت کے فیصلہ کے بعد جو لوگ الکٹرانک ٹو وہیلرس یا کاریں خریدنے کے متمنی ہیں وہ بڑی تعداد میں ان گاڑیوں کو خریدیں گے جو کہ ماحولیاتی آلودگی سے پاک ہوں گی۔ اس پالیسی کے متعلق ماہرین کا کہناہے کہ حکومت کا یہ فیصلہ گاڑی کے خریداروں کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا۔ نئی ای وی پالیسی پیر سے نافذ ہو جائے گی۔اتوار کے روز میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے کہا کہ نئی پالیسی سے توقع کی جارہی ہے کہ پورے تلنگانہ میں الیکٹرک گاڑیوں کی شہریوں کی جانب سے خریداری میں اضافہ ہوگا جو ماحولیاتی استحکام اور توانائی کی کارکردگی کے وسیع نشانہ سے ہم آہنگ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ الیکٹرک گاڑیوں کے لیے رجسٹریشن فیس کی چھوٹ کے ساتھ حکومت انفراسٹرکچر میں بہتری لانے کا ارادہ رکھتی ہے جس میں مزید چارجنگ اسٹیشن اور مینوفیکچررز کے لیے مراعات شامل ہیں۔31 دسمبر 2026 تک، ابتدائی دو سالوں کیلئے تلنگانہ میں خریدی اور رجسٹر کی گئی الیکٹرک بسیں، گاڑیوں کی رجسٹریشن کی تعداد سے قطع نظر، الکٹرک وہیکلس پوری زندگی کیلئے روڈ ٹیکس اور رجسٹریشن فیس سے مکمل طور پر مستثنیٰ ہیں لیکن ان کو چلایا جانا چاہیے۔ تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ذریعہ کسی بھی صنعت کی ملکیتی بسوں کو خصوصی طور پر اپنے ملازمین کو لے جانے کے مقصد سے بھی استثنیٰ ہے بشرطیکہ یہ بسیں تجارتی مقاصد کے لیے استعمال نہ ہوں۔3