ڈاؤس میں عالمی اداروں کے ساتھ معاہدات، ٹاٹا گروپ کے صدرنشین سے ملاقات
حیدرآباد ۔21 ۔ جنوری (سیاست نیوز) ورلڈ اکنامک فورم کے ڈاؤس میں منعقدہ اجلاس کے دوران کئی عالمی اداروں نے تلنگانہ میں بھاری سرمایہ کاری کے معاہدات پر دستخط کئے ہیں۔ امریکی کمپنی SARGAD نے 1000 کروڑ روپے کی آئندہ تین برسوں میں سرمایہ کاری کا معاہدہ کیا۔ کمپنی کے بانی اور سی ای او سرینواس کھوٹا نے چیف منسٹر ریونت ریڈی اور تلنگانہ وفد کے ا رکان سے ملاقات کی اور ریاست کی ترقی میں تعاون کا پیشکش کیا۔ رشمی گروپ نے 12500 کروڑ کی سرمایہ کاری کیلئے یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے جس کے ذریعہ 12,000 سے زائد روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس کے دوسرے دن چیف منسٹر صنعت کاروں سے ملاقات میں مصروف رہے۔ سسکو گلوبل لیڈرشپ نے صنعتی ترقی اور اسکل یونیورسٹی میں تعاون کا معاہدہ کیا۔ کمپنی کے سینئر وائس پریسیڈنٹ جی ڈائیڈ رچ اور دیگر عہدیداروں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی۔ چیف منسٹر نے ٹاٹا گروپ کے صدرنشین نٹراجن چندر شیکھرن سے ملاقات کی اور تلنگانہ گلوبل سمٹ کی کامیابی سے واقف کرایا۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ رائزنگ ویژن ڈاکیومنٹ کی تفصیلات پیش کیں جس سے ٹاٹا گروپ کے چیرمین بے حد متاثر ہوئے۔ انہوں نے ٹکنالوجی اسکل ڈیولپمنٹ کے شعبہ جات میں تلنگانہ کے ساتھ تعاون کا یقین دلایا ۔ رشمی گروپ کے پروموٹر سجن کمار پٹواری و ڈائرکٹر سنجیب کمار پٹواری نے تلنگانہ وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران 12,500 کروڑ کی سرمایہ کاری سے اتفاق کیا۔ دونوں وفود نے معاشی اور صنعتی ترقی کے امکانات کا جائزہ لیا۔ امریکہ اور دیگر ممالک کی ملٹی نیشنل کمپنیوں نے تلنگانہ میں سرمایہ کاری سے اتفاق کیا۔1