واشنگٹن میں نائب صدر نشین پلاننگ بورڈ ونود کمار کی ہندوستانی سفیر سے ملاقات
حیدرآباد۔/9 نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ پلاننگ بورڈ کے نائب صدر نشین بی ونود کمار نے واشنگٹن ڈی سی امریکہ میں ہندوستان کے سفیر اور ڈپٹی چیف آف مشن امیت کمار سے ملاقات کی۔ ونود کمار ان دنوں امریکہ کے دورہ پر ہیں۔ ملاقات کے دوران انہوں نے امریکہ اور تلنگانہ کے درمیان تعلیم اور دیگر شعبوں میں بہتر روابط، تلنگانہ میں بیرونی یونیورسٹیز کے قیام ، فارما اور آئی ٹی شعبہ میں سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں بیرونی یونیورسٹیز کے قیام کی راہ ہموار کرنے کیلئے نئی تعلیمی پالیسی کا مسودہ تیار کیا ہے جو پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ عنقریب پارلیمنٹ میں نئی تعلیمی پالیسی کی منظوری یقینی ہے جس کے ذریعہ نہ صرف بیرونی یونیورسٹیز ہندوستان میں قائم ہوسکتی ہیں بلکہ طلبہ کیلئے ریسرچ کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے امریکہ میں موجود مختلف یونیورسٹیز کے بارے میں ہندوستانی سفیر سے معلومات حاصل کی۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ حکومت بیرونی یونیورسٹیز کے قیام کیلئے ہر ممکن سہولتیں فراہم کرنے تیار ہے۔ انہوں نے امریکہ کی نامور یونیورسٹیز کے تلنگانہ میں قیام کے سلسلہ میں تعاون کرنے ہندوستانی سفیر سے درخواست کی۔ ونود کمار نے کہا کہ تلنگانہ میں فارما ، آئی ٹی شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے بہتر مواقع موجود ہیں اور تلنگانہ حکومت نے کئی مراعات کا اعلان کیا ہے۔ ونود کمار نے امریکہ۔ انڈیا بزنس کونسل کے صدر اور یو ایس چیمبر آف کامرس کے صدر نیشا بسوال سے ملاقات کی۔ انہوں نے تلنگانہ میں امریکی سرمایہ کاری کیلئے بہتر مواقع کی تفصیلات فراہم کی۔ ونود کمار نے بتایا کہ پارلیمنٹ میں نیا انشورنس قانون منظور کیا گیا ہے جس کے نتیجہ میں تلنگانہ حکومت نے انشورنس شعبہ کیلئے کئی سہولتیں فراہم کی ہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر دیویا، پروفیسر دیاکر راؤ، روی کولی اور دوسرے موجود تھے۔