دھرانی پورٹل سے کسانوں کو مشکلات، لینڈ مافیا سرگرم
حیدرآباد 3 مارچ (سیاست نیوز) سابق مرکزی وزیر رینوکا چودھری نے الزام عائد کیاکہ تلنگانہ میں امن و ضبط کی صورتحال ابتر ہوچکی ہے۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سابق مرکزی وزیر نے کہاکہ تلنگانہ میں عوام بالخصوص خواتین کے تحفظ میں حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ اغواء، قتل اور مظالم کے واقعات میں روز افزوں اضافہ ہورہا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اراضیات کی ڈیلنگ میں تلنگانہ ملک کا مرکز بن چکا ہے اور اراضی تنازعات میں قتل کے واقعات پیش آرہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ امن و ضبط کی ابتر صورتحال پر حکومت کو وضاحت کرنی چاہئے۔ رینوکا چودھری نے کہاکہ دھرانی پورٹل کے نتیجہ میں کسانوں کے لئے مشکلات پیدا ہوچکی ہیں۔ ہزاروں کسانوں نے مجھ سے شکایت کی کہ پورٹل میں اُن کی اراضیات پر دوسروں کا نام درج کردیا گیا۔ پورٹل کی آڑ میں عہدیدار بدعنوانیوں میں ملوث ہیں۔ رئیل اسٹیٹ مافیا کسانوں کی اراضیات کو ہڑپ کررہا ہے۔ اُنھوں نے حکومت سے دھرانی پورٹل کی خامیوں کو دور کرنے کا مطالبہ کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاست میں تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ گزشتہ سال انٹرمیڈیٹ نتائج میں بے قاعدگیوں کے سبب کئی طلبہ نے اپنی جان گنوادی۔ رینوکا چودھری نے آندھراپردیش میں دارالحکومت کے بارے میں ہائیکورٹ کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا اور کہاکہ کسانوں کی جیت ہوئی ہے۔ اُنھوں نے جگن موہن ریڈی حکومت سے مطالبہ کیاکہ کسانوں کے مفادات کے خلاف ہائیکورٹ کے فیصلہ پر اپیل کے لئے نہ جائیں۔ ر