تلنگانہ میں انتخابات شفاف اندا ز میںمنعقد کرنے کی ہدایت

,

   

مرکزی الیکشن کمشنر کا ریاستی عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس۔ کوتاہی برداشت نہ کرنے کا انتباہ
حیدرآباد ۔ 2 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : مرکزی الیکشن کمشنر اومیش سنہا نے آج تلنگانہ کا طوفانی دورہ کرتے ہوئے ریاست کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس طلب کیا اور انہیں ہدایت دی کہ تلنگانہ میں شفاف پیمانے پر انتخابات عمل میں لائے جائیں اور کسی قسم کی کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ امن و امان کے لیے پولیس کی جانب سے وسیع تر انتظامات کے لیے تلنگانہ ڈی جی پی کو ہدایت دی ۔ سکریٹریٹ میں منعقدہ ایک جائزہ اجلاس سے اومیش سنہا نے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کے 17 پارلیمانی نشستوں کے لیے 11 اپریل کو رائے دہی ہونی ہے اور 23 مئی کو نتائج کا اعلان کردیا جائے گا ۔ امن و امان کی برقراری کے لیے مرکز سے نیم فوجی دستے تعینات کردئیے جائیں گے ۔ ووٹنگ مشینوں کو محفوظ مقامات پر رکھا جائے تاکہ کسی پارٹی کی جانب سے شکایات موصول نہ ہوپائے ۔ اس موقع پر اومیش سنہا کے ہمراہ سندیپ جین ، راجیش تیواری ، جے اے ڈی اور ادھار سنہا ، تلنگانہ چیف الیکٹورل آفیسر رجت کمار ، ایڈیشنل ڈی جی جتیندر کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے ۔بعد ازاں جاری ایک سرکاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ ریاست میں 11 اپریل کو لوک سبھا انتخابات کے موقع پر مرکزی نیم فوجی دستوں کی 145 کمپنیاں متعین کی جائیں گی ۔ اس کے علاوہ دیگر ریاستوں کی پولیس کے دستے بھی متعین رہیں گے ۔ ایک سرکاری اعلامیہ میں یہ بات بتائی گئی ۔ تلنگانہ میں 11 اپریل کو پولنگ ہوگی ۔ اعلامیہ کے بموجب چیف سکریٹری ایس کے جوشی نے سینئر ڈپٹی کمشنران ( الیکشن کمیشن ) و دیگر کے ساتھ ایک اجلاس میں انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا ۔ چیف سکریٹری نے کمیشن کے عہدیادروں کو تیقن دیا کہ حکومت نظام آباد کیلئے ضرورت پڑنے پر درکار تعداد میں عملہ کو بھی فراہم کریگی جہاں 185 امیدوار میدان میں ہیں جن میں کسان بھی شامل ہیں۔