تین دن تک حلقہ واری سطح پر قائدین سے مشاورت ، اے آئی سی سی نمائندوں کی شرکت
حیدرآباد۔ 14 فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ میں لوک سبھا کے لیے کانگریس امیدواروں کے انتخاب کے سلسلہ میں کل 15 فروری سے لوک سبھا حلقوں کی سطح پر جائزہ اجلاس کا آغاز ہوگا۔ گچی بائولی میں واقع ہوٹل ایلا میں تین دن تک جائزہ اجلاس کا سلسلہ جاری رہے گا۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کے مطابق 15 فروری کو تین مراحل میں عادل آباد، پیدا پلی، نظام آباد، ظہیرآباد، کریم نگر اور ورنگل لوک سبھا حلقوں کے قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد ہوں گے۔ ہر اجلاس میں دو لوک سبھا حلقوں میں پارٹی کے امکانات اور امیدواروں کے بارے میں غور کیا جائے گا۔ 16 فروری کو ناگرکرنول، محبوب نگر، کھمم، محبوب آباد، نلگنڈہ اور بھونگیر لوک سبھا حلقوں کے قائدین کے اجلاس ہوں گے۔ شام چھ بجے پردیش کانگریس کوآرڈینیشن کمیٹی کی میٹنگ ہوگی۔ 17 فروری کو چیوڑلہ، ملکاجگیری، حیدرآباد، سکندرآباد اور میدک لوک سبھا حلقوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ شام 5 بجے پردیش الیکشن کمیٹی کا اجلاس ہوگا۔ پردیش کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کسم کمار کو 3 روزہ پروگرام کا انچارج مقرر کیا گیا ہے۔ ان اجلاسوں میں جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ آر سی کنتیا، سکریٹریز اے آئی سی سی بوس راجو، سلیم احمد اور سرینواسن کے علاوہ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر، ریونت ریڈی، کسم کمار، محمد اظہرالدین، فلور لیڈر قانون ساز کونسل محمد علی شبیر، سکریٹری اے آئی سی سی ڈاکٹر جی چیناریڈی، مدھو یاشکی گوڑ، سمپت کمار، ومشی چند ریڈی اور قومی ترجمان ڈاکٹر ڈی شراون شرکت کریں گے۔