تلنگانہ میں انتظامیہ مفلوج، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں

   

محبوب نگر میں پارلیمانی حلقہ کی انتخابی مہم ،توقف پر برقی منقطع ،کے سی آر کا X اکاؤنٹ پر ٹوئیٹ

حیدرآباد۔27 اپریل(سیاست نیوز) کے چندر شیکھر راؤ سابق چیف منسٹر تلنگانہ نے آج اپنے Xاکاؤنٹ پر محبوب نگر میں برقی سربراہی منقطع ہونے کا تذکرہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ریاست میں انتظامیہ مفلوج ہوچکا ہے اور عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بی آر ایس امیدوار محبوب نگر حلقہ پارلیمان مسٹر ایم سرینواس ریڈی کی انتخابی مہم کے دوران وہ سابق ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کے مکان پر لنچ کے لئے رکے تھے اور لنچ کے دوران برقی سربراہی منقطع ہوگئی۔ انہوں نے اپنے ٹوئیٹ میں بتایا کہ ایک گھنٹہ کے دوران دو مرتبہ برقی سربراہی منقطع ہوئی جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ ریاست میں کس طرح کی حکمرانی چلائی جا رہی ہے۔کے سی آر نے بتایا کہ انہوں نے جب دریافت کیا تو سابق ارکان اسمبلی نے انہیں بتایا کہ دن بھر میں روزانہ 10 مرتبہ برقی سربراہی منقطع ہوتی ہے اوراب اس کی عادت پڑتی جار ہی ہے۔سابق چیف منسٹر نے ریاست میں برسراقتدار کانگریس حکومت کو ناکام ثابت کرنے کے لئے برقی سربراہی کے منقطع کئے جانے کو کافی قرار دیا اور کہا کہ عوام بالخصوص دانشوروں کو حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لینا چاہئے ۔سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے اس ٹوئیٹ پر تلنگانہ اسٹیٹ سدرن پاؤر ڈسٹریبیوشن کمپنی نے فوری طور پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے طویل نوٹ جاری کیا اور کہاسابق چیف منسٹر کی جانب سے کیا جانے والا دعویٰ بے بنیاد ہے کیونکہ محبوب نگر میں جس وقت کی بات کی جا رہی ہے اس وقت برقی سربراہی منقطع ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ سپرٹنڈنگ انجنیئر آپریشنس محبوب نگر نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ قائد اپوزیشن کی جانب سے جو مقام اور وقت کی صراحت کی گئی ہے اس علاقہ میں اس وقت پر کسی بھی طرح کی برقی سربراہی منقطع ہونے کی ڈیجیٹل ریکارڈ موجود نہیں ہے ۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاست میں برقی سربراہی منقطع ہونے کی صورت میں ڈیجیٹل ریکارڈ موجود ہوتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سابق ریاستی وزیر کے مکان کو جس برقی ٹرانسفارمر سے برقی سربراہ کی جاتی ہے اس ٹرانسفارمر کی جانچ اور اس ٹرانسفارمر کو سربراہ برقی سربراہ کرنے والے سب اسٹیشن کے علاوہ میٹر ریڈنگ کے بعد وہ کہہ رہے ہیں کہ سابق چیف منسٹر کی جانب سے کیا جانے والا دعویٰ جھوٹ پر مبنی ہے۔3