جے این ٹی یو کی جانب سے کالجس کو مسلمہ حیثیت دی جائے گی
حیدرآباد: تلنگانہ حکومت نے انجنیئرنگ کالجس میں نئے انڈر گریجویٹ کورسس کی اجازت دی ہے ۔ جواہر لال نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی حیدرآباد کو نئے انڈر گریجویٹ کورسس کے لئے انجنیئرنگ کالجس کو مسلمہ قرار دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ حکومت نے آرٹیفیشل انٹلیجنس مشن لرننگ ، ڈیٹا سائنسس، انٹرنیٹ آف تھنکس ، سائبر سیکوریٹی اور دیگر کورسس میں 18210 زائد نشستوں کی منظوری دی ہے ۔ تعلیمی سال 2020-21 ء میں 38.85 کرور کی گنجائش فراہم کی گئی ہے۔ آل انڈیا کونسل فار ٹکنیکل ایجوکیشن کی منظوری کے بعد حکومت نے جے این ٹی یو کو نئے کورسس کی اجازت دی ہے۔ اسپیشل چیف سکریٹری محکمہ تعلیم چترا رام چندرن کے احکامات کے مطابق مذکورہ کورسس میں کالجس کو کم از کم 60 داخلوں کی اجازت رہے گی۔ بعض کالجس میں مختلف کورسس کے تحت جملہ 180 نشستوں کی منظوری دی گئی ہے جبکہ بعض کالجس کو صرف 30 نشستوں کا اضافہ کیا گیا ہے ۔ جے این ٹی یو کے رجسٹرار کے مطابق کالجس سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ افیلیئشن کے لئے درخواستیں داخل کریں۔ کالجس میں نئے کورسس کے لئے درکار انفراسٹرکچر کی موجودگی کا پتہ چلانے کیلئے جے این ٹی یو کی جانب سے اچانک معائنے کئے جائیں گے ۔ جاریہ سال میکانکل ، سیول اور الیکٹریکل انجنیئرنگ کی 13000 نشستیں کالجس میں سرینڈر کردی ہیں۔