خانگی یونیورسٹیزکو ترجیح، سیول اور میکانیکل کورسیس میں بھی کم داخلے
حیدرآباد۔/14نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں انجینئرنگ کی نشستوں کے حصول کے سلسلہ میں طلبہ میں عدم دلچسپی کالجس کے وجود کیلئے خطرہ بنتی جارہی ہے۔ نئے ٹیکنیکل انجینئرنگ کورسیس کو متعارف کرنے کے باوجود تلنگانہ میں نشستوں کے الاٹمنٹ کے آخری مرحلہ کی تکمیل پر 25 فیصد نشستیں مخلوعہ رہ چکی ہیں۔ جاریہ سال 1.21 لاکھ امیدوار ایمسیٹ میں کوالیفائی قرار پائے ہیں۔ ایمسیٹ کنوینر نوین متل کے مطابق ریاست میں 79790 انجینئرنگ شعبہ میں نشستیں دستیاب ہیں جن میں سے 19797 نشستیں پُر نہیں ہوسکیں جبکہ گزشتہ سال مخلوعہ نشستوں کی تعداد 17101 تھی۔ گزشتہ سال جملہ دستیاب نشستیں 78270 تھیں۔ جاریہ سال نئے کورسیس متعارف کئے گئے تاکہ طلبہ کو ان کورسیس کی جانب راغب کیا جاسکے۔ بتایا جاتا ہے کہ سیول انجینئرنگ، میکانیکل انجینئرنگ، الیکٹریکل اینڈ الکٹرانکس انجینئرنگ جیسے اہم شعبہ جات میں بھی نشستیں خالی رہیں۔ اس کے علاوہ نئے ٹیکنیکل کورسیس سائبر سیکوریٹی، انٹرنیٹ آف تھنگس، آرٹیفیشل انٹلیجنس اور ڈیٹا سائینس جیسے کورسیس میں بھی تمام نشستیں پُر نہیں ہوسکیں۔ تعلیمی اداروں کے ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ کئی طلبہ جو اپنی پسند کے کالجس میں نشستیں حاصل کرنے میں ناکام رہے وہ خانگی یونیورسٹیز سے رجوع ہوچکے ہیں جہاں تعلیم کے ساتھ ساتھ روزگار ضمانت کی اسکیم متعارف کی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ طلبہ کی جانب سے خانگی یونیورسٹیز اور خودمختار کالجس کو ترجیح دینے کے سبب زیادہ تر نشستیں مخلوعہ ہیں۔ سب سے زیادہ نشستیں کمپیوٹر سائینس اور انفارمیشن ٹکنالوجی سے مربوط کورسیس ہیں جن کا فیصد 90 ہے جبکہ سیول اینڈ میکانیکل میں 67 فیصد اور دیگر کورسیس میں 60 فیصد نشستیں پُر ہوئی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ 4973 طلبہ نے معاشی طور پر پسماندہ کوٹہ کے تحت داخلہ حاصل کیا۔ 18 نومبر نشستوں کو منسوخ کرانے کی آخری تاریخ ہے۔ ایک کالج تو ایسا ہے جہاں ایک بھی داخلہ نہیں ہوپایا۔ یونیورسٹی کے تحت 15 ، خانگی یونیورسٹی کے تحت 2 اور خانگی شعبہ میں 158 کالجس ہیں۔ جملہ 175 کالجس میں یونیورسٹی کے تحت 4069 ، خانگی یونیورسٹی کے تحت 1586 اور خانگی کالجس کے تحت 74135 نشستیں ہیں۔ مجموعی طور پر 59993 نشستیں پُر ہوئی ہیں۔ میکانیکل انجینئرنگ میں 33.57 ، سیول انجینئرنگ میں 41.87 ، مائننگ انجینئرنگ 41.96، الیکٹریکل اینڈ الیکٹرانکس میں 46.14 ، سافٹ ویر انجینئرنگ میں 47.64 اور کمپیوٹر سائینس کورس میں 53.02 فیصد نشستیں پُر ہوئی ہیں۔ر