بلدی انتخابات میںکانگریس کوکامیاب کریں ‘ کاماریڈی میں محمداظہر الدین ریاستی وزیرکاخطاب
کاما ریڈی:7 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کاما ریڈی میں کانگریس پارٹی کی انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقدہ انتخابی مہم میں ریاستی وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین گورنمنٹ ایڈوائزر محمد علی شبیر نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے بی جے پی اور بی آر ایس پر شدید تنقید کی۔ اس انتخابی مہم میں ریاستی خواتین کمیشن کی چیئرپرسن نے بھی شرکت کی۔ شہر کے 19، 20، 21، 22، 23، 24 اور 25 وارڈس میں کانگریس امیدواروں کی کامیابی کے لیے گھر گھر جا کر زور دار انتخابی مہم چلائی اور عوام سے ہاتھ کے نشان پر ووٹ دینے کی اپیل کی گئی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں تلنگانہ میں اندرا اماں راج قائم ہو چکا ہے اور حکومت کی جانب سے دی گئی چھ ضمانتوں پر جنگی بنیادوں پر عمل آوری جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں میں تقریباً اکاون ہزار سرکاری ملازمتیں فراہم کر کے حکومت نے بے روزگار نوجوانوں کے لیے امید کی نئی کرن پیدا کی ہے۔ اقلیتوں کی تعلیم اور معاشی ترقی کے لیے خصوصی فنڈس مختص کر کے انہیں ترقی کے راستے پر گامزن کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ترقی کے تسلسل کے لیے مقامی اداروں میں بھی کانگریس امیدواروں کو کامیاب بنایا جائے۔ریاستی حکومت کے مشیر محمد علی شبیر نے اپنے خطاب میں مقامی رکن اسمبلی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انتخاب جیتنے کے بعد سے انہوں نے کاما ریڈی کے لیے کوئی قابلِ ذکر کارنامہ انجام نہیں دیا۔ انہوں نے زور دیا کہ ریاست میں کانگریس کی حکومت ہے اور اگر دیگر جماعتوں کے امیدوار کامیاب ہوئے تو ہم آہنگی کے فقدان کے سبب ترقی متاثر ہوگی۔ریاستی خواتین کمیشن کی چیئرپرسن نیرل شاردا نے کہا کہ جس طرح اندرا اماں کے دور میں خواتین کو تحفظ اور سہارا حاصل تھا، آج تلنگانہ میں کانگریس حکومت خواتین کے لیے دوبارہ امید کی علامت بنی ہے۔