فائبر آپٹیک کی تنصیب کے کاموں کو مکمل کرنے پرنسپل سکریٹری محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی کی ہدایت
حیدرآباد: حکومت تلنگانہ آئندہ دو برسوں میں ہر گھر اور دفتر تک فائبر آپٹک کے ذریعہ انٹرنیٹ کنکشن کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔پرنسپل سیکریٹری محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی مسٹر جئیش رنجن نے آج اس سلسلہ میں احکامات کی اجرائی عمل میں لاتے ہوئے فائبر آپٹک کی تنصیب کے کاموں کو مکمل کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔حکومت تلنگانہ کے محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی کی جانب سے جاری کئے جانے والے احکامات کے مطابق 33اضلاع میں 83لاکھ 50 ہزار مکینوں کو جملہ 585 زونس میں انٹرنیٹ کنکشن کی فراہمی عمل میں لائی جائے گی۔حکومت نے اسے ’’ٹی ۔فائبر ‘‘ نام دیا ہے اور آپٹیکل فائبر کے ذریعہ فراہم کئے جانے والے اس انٹرنیٹ کنکشن کی رفتار دیگر کنکشنوں سے کافی بہتر ہونے کی توقع ہے۔ مسٹر جئیش رنجن نے بتایا کہ ریاست بھر میں آپٹیکل فائبر کے اس پراجکٹ کا تخمینہ 2 ہزار کروڑ لگایا گیا ہے اور اسٹرلائٹ اور ایل اینڈ ٹی نامی دونوں کمپنیوں کو ریاست بھر میں فائبر آپٹک کی تنصیب کے کام تفویض کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔احکامات کے مطابق پہلے مرحلہ میں ریاستی حکومت کی جانب سے 50 ہزار کیلو میٹر فائبر آپٹک کیبل کی تنصیب عمل میںلائی جائے گی اور اس میں 20ہزار کیلو میٹر کیبل مشین بھگریتا کے ساتھ ساتھ نصب کیا جائے گا جبکہ مابقی 30ہزار کیول میٹر کا احاطہ ریاست کے دارالحکومت یعنی حیدرآباد میں کیا جائے گا۔محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی کے مطابق اس کے بعدریاست کے تمام اضلاع اور گرام پنچایتوں میں 50ہزار کیبل کی تنصیب کا دوسرے مرحلہ میں احاطہ کیا جائے گا۔ریاستی حکومت نے فائبر گرڈ کارپوریشن کو ریاست کے تمام بلدی کارپوریشنوں کے علاوہ بلدیات ‘ گرام پنچایت کے حدود میں بغیر پیشگی اجازت کے حصول کے کاموں کو انجام دینے کی اجازت دیدی ہے اور محکمہ برقی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ زیر زمین کیبل کے بجائے اگر کہیں برقی کھمبوں کا استعمال کرتے ہیں تو ان سے اس سلسلہ میں کوئی کرایہ یا رقم وصول نہ کی جائے بلکہ ضرورت پڑنے پر فائبر گرڈ کارپوریشن کو برقی کی سربراہی و دیگر طریقوں سے مدد کرتے ہوئے اسے مستحکم بنایا جائے ۔سرکاری دفاتر میںفائبر گرڈ کے آلات کی تنصیب کے سلسلہ میں مفت جگہ کی فراہمی کے سلسلہ میں بھی احکامات میں واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
