تلنگانہ میں انٹرامتحانات کا آغاز، وزیر تعلیم کا دورہ

   

۔4 لاکھ 50 ہزار طلبہ کی شرکت،6 نقل نویسی کے معاملے، انفیکشن سے بچاؤ کیلئے امتحانی مراکز پر احتیاطی اقدامات
حیدرآباد۔ 4مارچ (یو این آئی) تلنگانہ بھر میں انٹرمیڈیٹ امتحانات کا آغاز ہوا۔ سال اول کے امتحان کے لئے 4,80,531طلبہ نے رجسٹریشن کروایا تھا۔ اس امتحان کا آغاز 9بجے دن ہوا اور اختتام 12بجے دوپہر ہوا۔وزیرتعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے وقارآباد ضلع کے بعض امتحانی مراکز کا معائنہ کیا اور طلبہ سے تبادلہ خیال بھی کیا۔انہوں نے طلبہ پر زوردیاکہ وہ تناو کا شکار نہ ہوں۔بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت نے اس امتحان کے آسان انعقاد کے لئے تمام تر انتظامات کئے ہیں۔انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ افواہوں پر توجہ نہ دیں۔انہوں نے کسی بھی قسم کی وضاحت کیلئے بورڈ کے کنٹرول روم سے ربط پیدا کرنے پرزور دیا۔انہوں نے کہا کہ طلبہ ماہرین نفسیات سے فون نمبرات7337225814 اور 7337225803 پر ربط پیداکرسکتے ہیں۔ اسی دوران سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن سید عمر جلیل نے بتایا کہ انٹرمیڈیٹ امتحانات کے پہلے دن آج فرسٹ ایئر کے سکنڈ لینگویج پارٹ I کا امتحان ہوا۔ 4 لاکھ 80 ہزار 531 امیدواروں نے رجسٹر کروایا تھا جن میں سے 4 لاکھ 57 ہزار 899 امیدوار امتحان میں شریک رہے۔ 22632 امیدوار غیر حاضر رہے، جن کا فیصد 4.7 ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جملہ 6 نقل نویسی کے معاملے منظر عام پر آئے جن میں ورنگل اربن میں ایک اور سوریا پیٹ میں 5 معاملات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امتحان پرامن اور بہتر انداز میں منعقد ہوا۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ملی۔ سید عمر جلیل نے بتایا کہ امتحانات 23 مارچ تک جاری رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امتحانی مراکز پر طلبہ اور سرپرستوں کے ہجوم کے پیش نظر کسی بھی انفیکشن سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ تمام چیف سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ طلبہ کو فیس ماسک کے ساتھ امتحان لکھنے کی اجازت دیں۔ طلبہ کو امتحانی مرکز میں ایک ساتھ چھوڑنے کے بجائے سنٹر پہنچنے والے طلبہ کو بیٹھنے کی اجازت دی جائے۔ تمام ٹیبل ، کرسیاں ، دروازوں کے ہینڈلس، الیکٹریکل سوئچ بورڈس کی صفائی کی ہدایت دی گئی ہے۔ ہر روز امتحان کے آغاز سے قبل گیلے کپڑے سے صفائی کی جانی چاہئے ۔ امتحانی مراکز میں طلبہ کی سہولت کے لئے لکوڈ سوپ اورپانی کے انتظام کی ہدایت دی گئی ہے۔ طلبہ کو اپنے ساتھ واٹر باٹل رکھنے کی اجازت دی جائے جو امتحان ہال کے باہر رکھا جاسکتا ہے ، جب بھی ضرورت ہو اسے استعمال کرسکتے ہیں۔ کسی بھی انویجیلیٹر کو سردی یا کھانسی کی صورت میں فوری کسی دوسرے شخص کے ذریعہ انہیں تبدیل کردیا جائے ۔ اگر کسی طالب علم کو کھانسی اور سردی ہو تو اسے دوسرے کمرہ میں رکھ کر امتحان لکھنے کی اجازت دی جائے ۔ عہدیداروں کو کسی بھی انفیکشن سے بچاؤ کے لئے تمام ضروری احتیاطی قدم اٹھانے کی اجازت دی گئی ہے۔