تلنگانہ میں انٹرنس امتحانات کےنئے شیڈول کی اجرائی

   


ایمسیٹ کا 4 تا 10 اگسٹ انعقاد عمل میںآئیگا : سبیتا اندرا ریڈی
حیدرآباد : وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے ریاست میں ایمسیٹ کے بشمول دوسرے انٹرنس امتحانات کیلئے نیا شیڈول جاری کردیا ۔ کورونا کے باعث ریاست میں مختلف انٹرنس امتحانات کو ملتوی کیا جارہا تھا ، حکومت سے لاک ڈاؤن برخواست کرنے اور یکم جولائی سے تعلیمی اداروں کی کشادگی کا فیصلہ کرنے کے بعد آج وزیر تعلیم نے محکمہ کے اعلیٰ عہدیداروں کا ایک اجلاس طلب کیا جس میں مسابقتی امتحانات کے انعقاد کا جائزہ لینے کے بعد سبیتا اندرا ریڈی نے تلنگانہ ہائیر ایجوکیشن کونسل کے تیار کردہ نئے شیڈول کی اجرائی عمل میں لائی ۔ ایمسیٹ انجنیئرنگ امتحانات 4,5,6 اگست کو اور ایمسیٹ ( اگریکلچر میڈیکل) کے 9 اور 10اگست کو امتحانات منعقد کا فیصلہ کیا گیا ۔ وزیر تعلیم نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ کورونا خطوط کی روشنی میں احتیاطی اقدامات کے ساتھ امتحانات منعقد کریں ۔ انجنیئرنگ ، پی جی ، ڈگری ڈپلوما فائنل ایئر امتحانات جولائی کے پہلے ہفتہ میں شروع کر کے آخری ہفتہ تک تکمیل کی تمام یونیورسٹیز عہدیداروں کو ہدایت دی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ چیف منسٹر نے بیرونی ممالک اور ملک کے دیگر مقامات پر اعلیٰ تعلیم کے خواہشمند طلبہ کی سہولت کیلئے فائنل امتحانات جلد منعقد کرنے ہدایت دی ہے ۔ اس ضمن میں یکم جولائی سے امتحانات کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا ۔ سال آخر میں زیر تعلیم طلبہ کے بیاک لاگ بھی جولائی میں تکمیل کرنے کا موقع دیا جائے گا ۔