تلنگانہ میں انٹر میڈیٹ سکنڈ ایئر امتحانات منسوخ

   

فرسٹ ایئر کے نشانات کی بنیاد پر عنقریب نتائج کا اعلان
حیدرآباد: حکومت نے انٹرمیڈیٹ سکنڈ ایئر امتحانات کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے آج شام عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا جس کے بعد کورونا کی صورتحال کے پیش نظر امتحانات منسوخ کرنے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی صحت کے تحفظ کے پیش نظر حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فرسٹ ایئر کے نشانات کی بنیاد پر نتائج کا اعلان کیا جائے گا ۔ سبیتا اندرا ریڈی نے بتایا کہ سکنڈ ایئر کے نتائج کے سلسلہ میں بہت جلد طریقہ کار کو طئے کیا جائے گا ۔ ایسے طلبہ جو امتحانات لکھنے کے خواہشمند ہیں ، ان کے لئے کورونا کی صورتحال میں بہتری کے بعد غور کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ نتائج کے سلسلہ میں بہت جلد کمیٹی قائم کی جائے گی ۔ چیف منسٹر نے کورونا سے طلبہ کے بچاؤ کے لئے امتحانات منسوخ کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ امتحانات کے سلسلہ میں طلبہ پر کافی دباؤ تھا جس کیلئے حکومت نے کافی غور و خوض کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ آج صبح سے ہی امتحانات کی منسوخی کے بارے میں اطلاعات گشت کرنے لگی تھیں ۔ تاہم سبیتا اندرا ریڈی نے دوپہر میں ان اطلاعات کی تردید کی۔ بعد میں جائزہ اجلاس میں منسوخی کا فیصلہ کیا گیا ۔ واضح رہے کہ حکومت نے اپریل میں فرسٹ ایئر امتحانات منسوخ کئے تھے۔ گریڈنگ کی بنیاد پر انٹر کے نتائج جاری کئے گئے تھے ۔ سکنڈ ایئر کیلئے بھی فرسٹ ایئر کے نشانات اور گریڈنگ کی بنیاد پر نتائج جاری کئے جائیں گے ۔