تلنگانہ میں انٹر نیٹ استعمال کرنے والوں کی تعداد بہت کم

,

   

حیدرآباد ۔ 9 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : ملک بھر میں سوشیل میڈیا اور انٹر نیٹ کا استعمال ان دنوں زیادہ سے زیادہ ہورہا ہے لیکن جنوبی ہند کی ریاستوں میں تلنگانہ واحد ریاست ہے جہاں انٹر نیٹ کا استعمال کرنے والوں کی تعداد بہت کم ہے ۔ انٹرنیٹ اینڈ موبائل اسوسی ایشن آف انڈیا کے نئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تلنگانہ میں صرف 31 فیصد لوگ ہی انٹرنیٹ کا استعمال کرتے ہیں ۔ ٹی آر ایس حکومت اور وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے ریاست کو انفارمیشن ٹکنالوجی میں ترقی دینے کے کئی اقدامات کئے ہیں ۔ تلنگانہ کے قیام کے بعد سے حکومت نے شہر حیدرآباد میں ہی مفت انٹرنیٹ سرویس فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا تھا ۔ اس منصوبہ کو قطعیت دینے کی کوشش بھی کی گئی لیکن اس کوشش کے باوجود تلنگانہ میں انٹرنیٹ تک رسائی حاصل کرنے والوں کی تعداد کم ہے ۔ آندھرا پردیش میں بھی عوام کی اتنی ہی تعداد انٹرنیٹ استعمال کرتی ہے جب کہ جنوبی ہند کی دیگر ریاستوں کیرالا میں 54 فیصد عوام انٹرنیٹ تک رسائی رکھتے ہیں ۔ ٹاملناڈو میں 47 فیصد کرناٹک میں 39 فیصد ہے تاہم مغربی بنگال کے علاوہ بہار ، جھارکھنڈ اور اوڈیشہ میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کی تعداد تلنگانہ سے بھی کم ہے ۔۔