حیدرآباد 5 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے کل 6 مئی سے ریاست گیر سطح پر شراب کی فروخت کی اجازت دے دی ہے۔ کابینی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر نے بتایا کہ صبح 10 تا شام 6 بجے شراب کی فروخت کی اجازت ہوگی۔ یہ اجازت ریڈ، گرین اور آرینج زونس میں ہوگی۔ کنٹینمنٹ علاقوں میں شراب کی 15 دوکانات کھولنے کی اجازت رہے گی۔ دوکانات کے پاس سماجی فاصلہ برقرار رکھنا ہوگا۔ شراب کی قیمت میں 16 فیصد اور سستی شراب کی قیمت میں 11 فیصد کا اضافہ کیا جائے گا۔ یہ اضافہ لاک ڈاؤن کے بعد بھی برقرار رہے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ بار، پب اور کلبس کی اجازت نہیں ہوگی۔ دوکانات کے پاس سماجی فاصلہ برقرار نہ رکھنے پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ شادی میں 20 افراد اور میت میں 10 افراد کی شرکت کی اجازت رہے گی۔