تلنگانہ میں آج شدید بارش کی پیش قیاسی

   

حیدرآباد 25 جون (سیاست نیوز) محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ تلنگانہ کے کئی علاقوں میں کل شدید بارش کا امکان ہے۔ گزشتہ روز شہر حیدرآباد اور اطراف و اکناف کے علاقوں میں موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی۔ کئی مقامات پر درخت گرجانے اور ہورڈنگس اُڑ جانے کی اطلاعات ہیں۔ تلنگانہ کے چند مقامات پر ژالہ باری کے ساتھ بارش ہوئی۔ حیدرآباد میں آج جزوی طور پر مطلع ابر آلود رہا اور درجہ حرارت اعظم ترین 34 ڈگری سیلسیس اور اقل ترین 24 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے مزید کہاکہ تلنگانہ میں جنوب مغربی مانسون معمول کے مطابق سرگرم رہا۔ ضلع سدی پیٹ میں موسلا دھار بارش ہوئی۔ جبکہ تلنگانہ کے دیگر علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔ تلنگانہ کے کئی علاقوں میں شدید بارش کے باعث کئی درخت جڑ سے اُکھڑ گئے اور سڑکوں پر درخت گرنے سے شاہراہوں پر ٹریفک معطل رہی۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے عملہ نے منگل کی صبح اِن درختوں کو ہٹاتے ہوئے سڑکوں کی صفائی انجام دی۔