تلنگانہ میں آکسیجن سے مربوط 10 ہزار بستروں کا اضافہ

   

ضروری خدمات کیلئے عہدیداروں کی قیادت میں ٹیموں کی تشکیل: چیف منسٹر کا اقدام
حیدرآباد۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے وزارت صحت کا قلمدان سنبھالتے ہی کورونا کی صورتحال کے سلسلہ میں چیف سکریٹری اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاسوں اور ضروری ہدایات کا آغاز کردیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر چند گھنٹوں میں وقفہ وقفہ سے چیف سکریٹری اور محکمہ صحت کے عہدیداروں سے ربط قائم کرتے ہوئے دواخانوں میں آکسیجن کی سربراہی اور علاج کی سہولتوں کے بارے میں معلومات حاصل کررہے ہیں۔ اسی دوران چیف منسٹر کی ہدایت پر چیف سکریٹری سومیش کمار نے سینئر عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جس میں سرکاری دواخانوں کے مزید 10 ہزار بستروں کو آکسیجن سے مربوط کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس طرح سرکاری دواخانوں میں آکسیجن سے مربوط بستروں کی تعداد 20 ہزار ہوچکی ہے۔ گزشتہ سال ستمبر میں ریاست میں سرکاری اور خانگی شعبہ کے تحت 18232 کورونا بستر تھے یہ تعداد میں49133 تک اضافہ کیا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے آکسیجن سے مربوط بستروں کی تعداد 60,000 کرنے کے اقدامات جاری ہیں۔ چیف منسٹر نے تمام اضلاع میں کال سنٹرس کے قیام کی ہدایت دی ہے۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں کورونا مریضوں کی رہنمائی کیلئے قائم کردہ کال سنٹر کا نمبر 040-21111111 رکھا گیا ہے۔ مزید 5 لاکھ فری میڈیکل کٹس کا انتظام کیا جارہا ہے جو ہوم آئسولیشن کے مریضوں کو دیئے جائیں گے۔ 7.5 لاکھ کٹس کا اسٹاک موجود ہے۔ کورونا کے مریضوں کو مکانات تک کٹس پہنچانے کا انتظام کیا جائے گا۔ چیف منسٹر کے مشورہ پر نمس میں 500، سروجنی دیوی ہاسپٹل 200 ، چیسٹ ہاسپٹل 50 ، گاندھی 200 اور ٹمس میں 200 بستروں کے اضافہ کا فیصلہ کیا گیا۔ گولکنڈہ میں 100 ، ملک پیٹ میں 100 ، ونستھلی پورم 100 اور امیر پیٹ ہاسپٹل میں 50 کوویڈ بستروں کا اندرون ایک ہفتہ آغاز ہوگا۔ ضروری ادویات کی قلت دور کرنے کیلئے سندیپ کمار سلطانیہ ( آئی اے ایس ) کی قیادت میں ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ ریاست کے تمام پرائمری ہیلت سنٹرس میں مخلوعہ جائیدادوں کو خصوصی مہم کے ذریعہ پُر کیا جائے گا۔ کمشنر پنچایت راج رگھونندن کو مقررہ مدت میں تقررات کا عمل مکمل کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ ضروری ادویات جیسے ریمیڈیسیور کی طلب کی تکمیل کیلئے جیش رنجن ( آئی اے ایس ) کی قیادت میں ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو ریاست کے لئے درکار انجکشن حاصل کریں گے۔ سینئر آئی اے ایس عہدیداروں کو بڑے سرکاری دواخانوں میں اسپیشل آفیسر مقرر کیا گیا ہے تاکہ علاج کی بہتر سہولتیں فراہم ہو۔ گریٹر حیدرآباد کے علاوہ دیگر اضلاع میں ضلع کلکٹرس سرکاری دواخانوں کے اسپیشل آفیسر رہیں گے۔ حکومت ہند نے مئی 2021 کیلئے تلنگانہ کو 4.4 لاکھ ویکسین کی خوراک فراہم کرنے سے اتفاق کیا ہے جبکہ ریاست میں 18 تا44 سال عمر کے افراد کی تعداد 1.72 کروڑ ہے۔ چیف سکریٹری نے مرکزی حکومت کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ویکسین کی زائد خوراک الاٹ کرنے کی درخواست کی ہے۔ حکومت ہند نے پہلے دو ہفتوں میں 8.35 لاکھ خوراک کی منظوری دی ہے جبکہ ریاست کیلئے 30.45 لاکھ خوراک کی ضرورت ہے۔ ریاست میں آکسیجن کی قلت دور کرنے کیلئے حکومت نے اوڈیشہ اور دیگر ریاستوں سے آکسیجن حاصل کیا ہے۔ مرکز سے درخواست کی گئی ہے کہ تلنگانہ کو 430 میٹرک ٹن کے بجائے 600 میٹرک ٹن آکسیجن روزانہ منظور کی جائے۔ جائزہ اجلاس میں جیش رنجن ، سندیپ کمار سلطانیہ، مرتضیٰ علی رضوی، راہول بوجا، لوکیش کمار، رونالڈ راس، ڈاکٹر ستیہ نارائنا، ڈاکٹر پریتی مینا، رگھونندن راؤ، سرفراز احمد